ازبکستان میں پہلے ایٹمی بجلی گھر کی تعمیر کاآغاز کر دیا گیا ہے،جس پر تقریباً 9.5 بلین ڈالر لاگت آئے گی
ازبکستان میں پہلے ایٹمی بجلی گھر کی تعمیر شروع
تاشقند۔6جون (اے پی پی):ازبکستان میں پہلے ایٹمی بجلی گھر کی تعمیر کاآغاز کر دیا گیا ہے،جس پر تقریباً 9.5 بلین ڈالر لاگت آئے گی۔ اماراتی نیوز ایجنسی وام کے مطابق ازبک صدارتی پریس سروس نے بتایا کہ افتتاحی تقریب ویڈیو لنک کے ذریعے منعقد ہوئی، جس میں وسطی ازبکستان میں واقع تعمیراتی مقام کو روس کے شہر سینٹ پیٹرزبرگ سے منسلک کیا گیا۔تقریب کے دوران ازبکستان کے صدر شوکت مرزیایوف اور روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن نے مشترکہ طور پر بجلی گھر کے پہلے پیداواری یونٹ کی تعمیر شروع کرنے کا حکم جاری کیا۔صدر مرزیایوف نے کہا کہ منصوبہ اپنی مکمل پیداواری صلاحیت حاصل کرنے کے بعد ملک میں بجلی کی پیداوار میں نمایاں اضافہ کرے گا اور توانائی کی بڑھتی ہوئی ضروریات پوری کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ازبک صدارتی ذرائع کے مطابق ایٹمی بجلی گھر کی تعمیر اور اس کے انتظامی و فنی امور کی تیاری بین الاقوامی جوہری توانائی ادارے کے مقرر کردہ معیارات کے مطابق کی جا رہی ہے۔ایٹمی توانائی کے ادارے ’’اوزاٹوم‘‘ کے سربراہ عظیم احمدخوجایف نے بتایا کہ منصوبے کی ابتدائی لاگت کا تخمینہ تقریباً 9.5 بلین ڈالر لگایا گیا ہے۔









