چیئرپرسن وزیر اعلیٰ پنجاب شکایت سیل صائمہ فاروق نے آرٹس کونسل کمپلیکس میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا اور عوامی مسائل سُنے۔
چیئرپرسن وزیراعلیٰ شکایات سیل کی آرٹس کونسل کمپلیکس سرگودھا میں کھلی کچہری
سرگودھا ۔ 06 جون (اے پی پی):چیئرپرسن وزیر اعلیٰ پنجاب شکایت سیل صائمہ فاروق نے آرٹس کونسل کمپلیکس میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا اور عوامی مسائل سُنے۔
ہفتہ کو منعقدہ کھلی کچہری میں کمشنر سرگودھا حافظ شوکت علی ، ڈپٹی کمشنر حسین احمد رضا چوہدری ، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر صہیب اشرف، ایس پی انویسٹیگیشن عمران عباس چدھڑ، مینجنگ ڈائریکٹر واسا احمد ہارون اور مینجنگ ڈائریکٹرستھراء پنجاب ایجنسی رانا محمد ابوبکر نےبھی چیئرپرسن کےہمراہ مسائل سنکربعض درخواست گزاروں کےمسائل موقع پرحل جبکہ پیچیدہ معاملات کوتیزی سےحل کرنےکے لئے متعلقہ محکموں کے افسران کو موقع پر ضروری ہدایات جاری کیں۔
اس موقع پر دیگر انتظامی محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔ کھلی کچہری کے دوران شہریوں نے محکمہ مال،پولیس،صفائی ستھرائی،سیوریج،زمین پر قبضہ سے متعلقہ مسائل کی نشاندہی کی اور مجموعی طور پر 246 سے زائد درخواست گزاروں نے درخواستیں پیش کیں۔ چیئرپرسن وزیراعلی پنجاب شکایت سیل صائمہ فاروق نے کہا کہ وزیراعلی مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق شہریوں کے مسائل کے ازالہ کے لئے سرگرم عمل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ اضلاع کے دورے کرکے ڈویژنل،ضلعی اور پولیس انتظامیہ کے ہمراہ کھلی کچہریاں لگا رہی ہیں جہاں درخواست گزاروں کو کھل کر مسائل بیان کرنے اور ہرممکن ریلیف فراہم کرنے کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔انہوں نے عوام کو درپیش مشکلات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ایک ہی جگہ تمام محکموں کی موجودگی میں درخواست گزاروں کا موقف بھی سنا گیا اور بیشتر مسائل موقع پر ہی حل ہوگئے تاہم دیگر درخواستیں متعلقہ محکموں کے سپرد کی گئی ہیں جس کا مسلسل فالو اپ لے کر درخواست گزاروں کو آگاہ رکھنے کے ساتھ مسئلہ حل کرانے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ کمشنر سرگودھا حافظ شوکت علی نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب کی خصوصی ہدایت پرچیئرپرسن شکایت سیل کی سربراہی میں ایک چھت تلے عوامی مسائل سنے گئے اور شہریوں کی درخواستوں پر شفاف انداز میں کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ڈپٹی کمشنر نے مسائل سنتے ہوئے کہا کہ قانون کی بالادستی یقینی بنائی جا رہی ہے اور درخواست گزاروں کو ریلیف کی فراہمی میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ کھلی کچہری کے دوران آنے والی محکموں سے متعلقہ شکایات کے حل کے لئے افسران کو ٹائم لائن دے دی گئی ہے۔









