ادارہ ترقیات گوادر اور گوادر پولیس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے زیرِ زمین بجلی کیبل چوری کی متعدد وارداتوں میں ملوث ایک منظم گروہ کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔
ادارہ ترقیات گوادر و پولیس کی کارروائی ،زیرِ زمین بجلی کیبل چوری کی متعدد وارداتوں میں ملوث منظم گروہ کو رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا
کوئٹہ۔ 06 جون (اے پی پی):ادارہ ترقیات گوادر اور گوادر پولیس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے زیرِ زمین بجلی کیبل چوری کی متعدد وارداتوں میں ملوث ایک منظم گروہ کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔
گرفتار ملزمان کے خلاف تھانہ گوادر میں مقدمہ درج کرکے قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر جنرل جی ڈی اے معین الرحمٰن خان اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر گوادر فلائٹ لیفٹیننٹ(ر) عطاء الرحمٰن کی خصوصی ہدایات پر ایکسئن الیکٹریکل جی ڈی اے سجاد زاہد اور ایس ایچ او گوادر شکیب ارسلان کی نگرانی میں مشترکہ کارروائی عمل میں لائی گئی، جس کے دوران زیرِ زمین بجلی کیبل چوری کرنے والے ایک منظم گروہ کو گرفتار کر لیا گیا۔ابتدائی تحقیقات کے مطابق گرفتار ملزمان گزشتہ کئی روز سے شہر کے مختلف علاقوں میں زیرِ زمین بجلی کی کیبلز چوری کرنے کی وارداتوں میں ملوث تھے۔ خصوصاً جی ڈی اے اسپتال کے مین فیڈر سے منسلک زیرِ زمین کیبل کو مختلف مقامات سے کاٹ کر چوری کیا گیا، جس کے باعث اسپتال کی بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی اور ہسپتال انتظامیہ، مریضوں اور عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ملزمان کی سرگرمیوں کے نتیجے میں شہر کے مختلف علاقوں میں اسٹریٹ لائٹس اور دیگر برقی سپلائی لائنیں بھی متاثر ہوئیں، بروقت کارروائی کے ذریعے نہ صرف ملزمان کو گرفتار کیا گیا بلکہ مزید تخریبی سرگرمیوں کو بھی روک دیا گیا۔ڈائریکٹر جنرل جی ڈی اے معین الرحمٰن خان نے اس کامیاب کارروائی پر جی ڈی اے اور گوادر پولیس کی مشترکہ ٹیم کو سراہتے ہوئے کہا کہ سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے اور عوامی مفادات کے خلاف سرگرمیوں میں ملوث عناصر کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ شہر کے انفراسٹرکچر، عوامی سہولیات اور ترقیاتی منصوبوں کے تحفظ کے لیے مؤثر نگرانی اور کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔









