ملک بھر میں 7 سے 12 جون تک شدید گرمی کی لہر کا امکان، محکمہ موسمیات کی وارننگ
ملک بھر میں 7 سے 12 جون تک شدید گرمی کی لہر کا امکان، محکمہ موسمیات کی وارننگ
اسلام آباد۔6جون (اے پی پی):محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ 7 سے 12 جون کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں شدید گرمی کی لہر (ہیٹ ویو) متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 8 جون سے بالائی فضاؤں میں بلند دباؤ کا نظام بننے اور 11 جون تک برقرار رہنے کے باعث درجہ حرارت معمول سے نمایاں طور پر زیادہ رہنے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کردہ ایڈوائزری کے مطابق بعض علاقوں میں درجہ حرارت 48 سے 51 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔خیبرپختونخوا میں 8 سے 11 جون کے دوران پشاور،مردان،لکی مروت اور ڈیرہ اسماعیل خان میں میں درجہ حرارت 41 سے 46 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کی توقع ہے، جبکہ دیر،سوات،چترال اور گلگت بلتستان میں 37 سے 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک درجہ حرارت ریکارڈ ہو سکتا ہے۔وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، راولپنڈی اور گردونواح میں 8 سے 10 جون کے دوران درجہ حرارت معمول سے 5 سے 7 ڈگری زیادہ رہنے اور 41 سے 44 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے۔پنجاب کے میدانی علاقوں بشمول لاہور ،فیصل آباد،ملتان ،بہاولپور اور دیگر اضلاع میں 8 سے 11 جون کے دوران درجہ حرارت 44 سے 48 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔سندھ اور بلوچستان کے بعض اضلاع میں صورتحال مزید سنگین ہو سکتی ہے، جہاں جیکب آباد،سکھر،لاڑکانہ،تربت اورپنجگر میں درجہ حرارت 48 سے 51 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا خدشہ ہے جبکہ کراچی میں 8 سے 12 جون کے دوران درجہ حرارت 40 سے 43 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق رات کے اوقات میں بھی گرمی کی شدت برقرار رہے گی جس سے حبس اور ہیٹ اسٹریس میں اضافہ ہو سکتا ہے۔ جنوبی پنجاب اورسندھ کے بعض علاقوں میں گرد آلود ہوائیں اور دھول کے طوفان بھی متوقع ہیں۔محکمہ موسمیات نے عوام، خصوصاً بچوں، خواتین اور بزرگ شہریوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ صبح 10 بجے سے شام 4 بجے تک غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں، پانی کا زیادہ استعمال کریں اور جسم کوہائیڈریٹ رکھیں۔ کسانوں کو فصلوں اور مویشیوں کو شدید گرمی کے اثرات سے محفوظ رکھنے کے لیے ضروری اقدامات کرنے کا مشورہ بھی دیا گیا ہے۔









