شازیہ مری کی ایشین گیمز میں طلائی تمغہ جیتنے پر عائشہ بلوچ کو مبارکباد

پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کی مرکزی ترجمان شازیہ مری نے پاکستانی ریسلرعائشہ بلوچ کو ایشین گیمز میں ریسلنگ کے مقابلوں میں طلائی تمغہ جیتنے پر مبارکباد دیتے ہوئے اس کامیابی کو قوم کے لیے باعثِ فخر قرار دیا ہے۔

اسلام آباد۔6جون (اے پی پی):پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کی مرکزی ترجمان شازیہ مری نے پاکستانی ریسلرعائشہ بلوچ کو ایشین گیمز میں ریسلنگ کے مقابلوں میں طلائی تمغہ جیتنے پر مبارکباد دیتے ہوئے اس کامیابی کو قوم کے لیے باعثِ فخر قرار دیا ہے۔

ہفتہ کواپنے بیان میں شازیہ مری نے کہا کہ فائنل میں بھارتی حریف کو شکست دے کر عائشہ بلوچ نےپاکستان کا نام روشن کیا اور پوری قوم کے دل جیت لیے۔ انہوں نے کہا کہ عائشہ بلوچ کی شاندار تکنیک، عزم اور پیشہ ورانہ مہارت نے نہ صرف شائقین کو متاثر کیا بلکہ عالمی سطح پر پاکستان کی کھیلوں کی صلاحیتوں کو بھی اجاگر کیا۔انہوں نے کہا کہ اس کامیابی کے ساتھ ایشین گیمز میں پاکستان کا سبز ہلالی پرچم ایک بار پھر سربلند ہوا ہےجو اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستانی کھلاڑی بین الاقوامی مقابلوں میں نمایاں کامیابیاں حاصل کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں۔شازیہ مری نے عائشہ بلوچ کی محنت، لگن اور ثابت قدمی کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی کامیابی ہر پاکستانی کے لیے باعثِ مسرت ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ کامیابی نوجوان کھلاڑیوں،خصوصاً خواتین کے لیے تحریک کا باعث بنے گی تاکہ وہ کھیلوں کے میدان میں آگے بڑھ کر ملک کی نمائندگی کریں۔پی پی پی رہنما نے عائشہ بلوچ کے لیے مستقبل کے بین الاقوامی مقابلوں میں مزید کامیابیوں کی دعا بھی کی اور کہا کہ پوری قوم اپنے کھیلوں کے ہیروز کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کی کامیابیوں پر فخر کرتی ہے۔