بجٹ، قانون سازی اور آئینی ترامیم میں اتحادی جماعتوں کو ساتھ لے کر چلیں گے، طلال چوہدری

وزیر مملکت برائے داخلہ سینیٹر طلال چوہدری نے کہا ہے کہ آئندہ وفاقی بجٹ تمام اتحادی جماعتوں کے بھرپور تعاون سے کامیابی کے ساتھ منظور ہوگا اور حکومتی اتحاد صرف بجٹ کی منظوری تک محدود نہیں بلکہ اسمبلی کی پوری آئینی مدت کے دوران برقرار رہے گا

فیصل آباد ۔ 06 جون (اے پی پی):وزیر مملکت برائے داخلہ سینیٹر طلال چوہدری نے کہا ہے کہ آئندہ وفاقی بجٹ تمام اتحادی جماعتوں کے بھرپور تعاون سے کامیابی کے ساتھ منظور ہوگا اور حکومتی اتحاد صرف بجٹ کی منظوری تک محدود نہیں بلکہ اسمبلی کی پوری آئینی مدت کے دوران برقرار رہے گا جبکہ تمام اہم قومی فیصلوں، قانون سازی اور ترامیم میں اتحادی جماعتوں کو ساتھ لے کر چلنے کی پالیسی پر عمل کیا جائے گا۔

تاجروں کے ساتھ اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر طلال چوہدری نے بجٹ کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ قومی سطح پر مختلف نوعیت کی خبریں گردش کر رہی ہیں تاہم حکومت اور اس کے اتحادی مکمل طور پر متحد ہیں اور آئندہ بجٹ بھرپور انداز میں منظور کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اتحادی جماعتوں کے اپنے اپنے تحفظات اور ترجیحات ہو سکتی ہیں جو جمہوری عمل کا حصہ ہیں لیکن حکومت تمام شراکت داروں کو اعتماد میں لے کر آگے بڑھے گی۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی بجٹ، آئینی ترمیم یا اہم قانون سازی ہو، حکومت کی کوشش ہوگی کہ تمام اتحادی جماعتیں اور دیگر سیاسی قوتیں اس عمل میں شامل رہیں اور قومی مفاد کے معاملات پر وسیع تر اتفاق رائے پیدا کیا جائے۔ جڑانوالہ کو ضلع بنانے کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں وزیر مملکت نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اپنے ابتدائی دو سالہ دور میں جڑانوالہ کو غیرمعمولی ترقیاتی فنڈز فراہم کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پورے پنجاب میں شاید ہی کسی شہر کو جڑانوالہ کے برابر ترقیاتی گرانٹس ملی ہوں جن کے ذریعے شہر کی بنیادی ڈھانچے، سڑکوں اور دیگر شہری سہولتوں کی بہتری پر خصوصی توجہ دی گئی۔ طلال چوہدری نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں محمد نواز شریف کی جانب سے جڑانوالہ کے عوام سے کیے گئے وعدے مرحلہ وار پورے کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بہت سارے ترقیاتی اقدامات پر پیش رفت جاری ہے جبکہ سیوریج اور شہری سہولتوں کے منصوبے بھی تکمیل کے مراحل میں ہیں۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ جڑانوالہ کی مزید ترقی اور انتظامی ضروریات سے متعلق وعدے بھی پورے کیے جائیں گے تاکہ علاقے کے عوام کو جدید اور بہتر شہری سہولتیں فراہم کی جا سکیں۔