وزیراعلیٰ مریم نواز کا کوہ سلیمان آپریشن پر سی ٹی ڈی کو خراجِ تحسین

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کوہ سلیمان کے علاقے میں کامیاب کارروائی کے دوران کالعدم ٹی ٹی پی کے ایک اہم کمانڈر سمیت دو دہشت گردوں کی ہلاکت پراظہار ِ تشکر

لاہور۔6جون (اے پی پی):وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کوہ سلیمان کے علاقے میں کامیاب کارروائی کے دوران کالعدم ٹی ٹی پی کے ایک اہم کمانڈر سمیت دو دہشت گردوں کی ہلاکت پراظہار ِ تشکر کرتے ہوئے کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کی ٹیم کو شاباش دی ہے۔

اپنے بیان میں وزیراعلیٰ پنجاب نے ٹی ٹی پی کے کمانڈر کو ہلاک کرنے پر سی ٹی ڈی کی ٹیم کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو خاک میں ملانے والی سی ٹی ڈی ٹیم قابل ستائش ہے۔ انہوں نے دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں میں حصہ لینے والے افسران اور اہلکاروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور جرات کو سراہا۔ مریم نواز شریف نے کہا کہ پاک دھرتی پر دہشت گردی کی نیت سے آنے والے عناصر کو سخت ترین جواب دیا جائے گا اور امن و امان کو خراب کرنے کی ہر کوشش ناکام بنائی جائے گی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ دہشت گرد انسانیت کے دشمن ہیں اور ان کا کسی مذہب، دین یا مثبت نظریے سے کوئی تعلق نہیں۔