پی ڈی ایم اے پنجاب نے آئندہ ہفتے کیلئے ہیٹ ویو الرٹ جاری کر دیا ہے،بیشتر اضلاع میں درجہ حرارت معمول سے 5 سے7 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کا امکان ہے۔ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق8 سے12 جون تک پنجاب کے بیشتر اضلاع میں شدید گرمی کی لہر کا خدشہ ہے
پنجاب میں ہیٹ ویو الرٹ جاری،درجہ حرارت معمول سے 5 سے 7 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کا امکان
لاہور۔7جون (اے پی پی):پی ڈی ایم اے پنجاب نے آئندہ ہفتے کیلئے ہیٹ ویو الرٹ جاری کر دیا ہے،بیشتر اضلاع میں درجہ حرارت معمول سے 5 سے7 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کا امکان ہے۔ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق8 سے12 جون تک پنجاب کے بیشتر اضلاع میں شدید گرمی کی لہر کا خدشہ ہے،بالائی پنجاب میں درجہ حرارت41 سے44 ڈگری تک جبکہ جنوبی پنجاب و میدانی اضلاع میں درجہ حرارت44 سے48 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔پی ڈی ایم اے پنجاب نے مزید کہا کہ راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، لاہور، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، منڈی بہاوالدین، سیالکوٹ، نارووال، اوکاڑہ، قصور اور فیصل آباد ،ڈیرہ غازی خان، ملتان، خانیوال، پاکپتن، رحیم یار خان، راجن پور، بہاولپور، بہاولنگر، بھکر، لیہ، کوٹ ادو، سرگودھا، جھنگ، خوشاب، میانوالی، نور پور تھل اور ساہیوال میں بھی درجہ حرارت میں اضافہ متوقع ہے۔ریلیف کمشنر پنجاب نبیل جاوید نے کمشنرز و ڈی سیز کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔ریلیف کمشنر نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب کی ہدایات کے پیش نظر انتظامیہ الرٹ رہے۔ڈی جی پی ڈی ایم اے عمر جاوید نے کہا کہ رات کے وقت بھی موسم معمول سے زیادہ گرم رہنے کی توقع ہے،گرمی کی شدت کے باعث گرد آلود ہواوں اور طوفان کا خطرہ موجود ہے،شہری صبح 10 بجے سے شام4 بجے تک براہ راست دھوپ سے بچیں اور زیادہ پانی پئیں۔انہوں نے کہا کہ کاشتکار فصلوں اور جانوروں کے تحفظ کیلئے پیشگی اقدامات کریں،ریسکیو 1122 ہیٹ اسٹروک اور پانی کی کمی سے متاثرہ افراد کی مدد کیلئے الرٹ رہیں۔









