وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے)امیگریشن حکام نے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر امیگریشن کلیئرنس کے دوران جعلی سفری ریکارڈ اور مشتبہ دہری شناخت کے ثبوت ملنے پر جرمنی جانے والے ایک افغان شہری کو آف لوڈ کر دیا
ایف آئی اے نے جعلی سفری ریکارڈپر افغان شہری کو آف لوڈ کر دیا
اسلام آباد۔7جون (اے پی پی):وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے)امیگریشن حکام نے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر امیگریشن کلیئرنس کے دوران جعلی سفری ریکارڈ اور مشتبہ دہری شناخت کے ثبوت ملنے پر جرمنی جانے والے ایک افغان شہری کو آف لوڈ کر دیا۔ایف آئی اے حکام نے اتوار کو اے پی پی کو بتایا کہ مسافر محیظ اللہ خان کو اس وقت روکا گیا جب ان کے پاسپورٹ پر روانگی کی جعلی مہر پائی گئی جبکہ انٹیگریٹڈ بارڈر مینجمنٹ سسٹم (آئی بی ایم ایس) میں اس سے متعلق کوئی سفری ریکارڈ دستیاب نہیں تھا۔ انہوں نے بتایا کہ مسافر کے موبائل فون کی مزید جانچ پڑتال کے نتیجے میں نادرا سے متعلق ایک دستاویز برآمد ہوئی، جس سے یہ بات سامنے آئی کہ اس نے پہلے پاکستانی پاسپورٹ کے ذریعے بیرون ملک سفر کیا تھا۔حکام کے مطابق دستیاب ریکارڈ کی جانچ سے متعدد شناختوں اور قومیتوں کے ممکنہ استعمال کا اشارہ ملتا ہے، جس سے اس معاملے کی تفصیلی تحقیقات کا فیصلہ کیا گیا۔بعد ازاں مسافر کو آف لوڈ کر دیا گیا اور مزید قانونی کارروائی اور جامع انکوائری کے لیے ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل (اے ایچ ٹی سی) اسلام آباد کے حوالے کر دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ موبائل فون، سفری دستاویزات، سفری ریکارڈ اور دیگر متعلقہ شواہد کو تفتیش کے حصے کے طور پر تحویل میں لے لیا گیا ہے۔









