اسلام آباد ۔ 2 نومبر (اے پی پی) وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے اقتدار میں آتے ہی ترجیحات کا ازسرنو تعین کیا اور ملک میں معاشی استحکام کےلئے اقدامات کئے، 21ویں صدی علم اور ایجادات کی صدی ہے، آج دنیا میں وہی قومیں ترقی کر رہی ہیں جو علم اور ٹیکنالوجی میں آگے ہیں۔ وہ جمعرات کو ڈیجیٹل پاکستان کے …
وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال کا ڈیجیٹل پاکستان کے عنوان سے منعقدہ اجلاس سے خطاب
اسلام آباد ۔ 2 نومبر (اے پی پی) وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے اقتدار میں آتے ہی ترجیحات کا ازسرنو تعین کیا اور ملک میں معاشی استحکام کےلئے اقدامات کئے، 21ویں صدی علم اور ایجادات کی صدی ہے، آج دنیا میں وہی قومیں ترقی کر رہی ہیں جو علم اور ٹیکنالوجی میں آگے ہیں۔ وہ جمعرات کو ڈیجیٹل پاکستان کے عنوان سے منعقدہ اجلاس کے شرکاءسے خطاب کر رہے تھے۔ احسن اقبال نے کہا کہ آج دنیا میں وہی قومیں ترقی کر رہی ہیں جو علم اور ٹیکنالوجی میں آگے ہیں، سیاسی عدم استحکام کی وجہ سے پاکستان معاشی، سماجی، سائنسی اور ٹیکنالوجی کے میدانوں میں ترقی کے راستے پر گامزن نہ ہو سکا۔ انہوں نے کہا کہ 70 سال میں زیادہ عرصہ پاکستان سیاسی افراتفری کی زد میں رہا۔ احسن اقبال نے کہا کہ موجودہ حکومت نے اقتدار میں آتے ہی ترجیحات کا ازسرنو تعین کیا اور ملک میں معاشی استحکام کےلئے اقدامات کئے۔ انہوں نے کہا کہ موثر منصوبہ بندی کی بدولت پاکستان میں 2013ء کے بعد نہ صرف تھری/فور جی کا آغاز ہوا بلکہ آج 5 جی کی آزمائشی سروس کے آغاز کی بھی تیاریاں کی جا رہی ہیں۔ احسن اقبال نے کہا کہ حکومت وژن 2025ءکی روشنی میں نجی شعبہ کے تعاون سے انسانی وسائل کی ترقی اور ٹیکنالوجی کے میدان میں ترقی کی منزل کے حصول کےلئے کوشاں ہے، آرٹیفیشل انٹیلی یجنس، سائبر سیکورٹی، بگ ڈیٹا اور کلاوڈ کمپیوٹنگ اور روبوٹکس میں سینٹر آف ایکسیلینسز قائم کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل پاکستان کا مقصد نئی نسل کو جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ کرکے اس کے موثر استعمال کو یقینی بنانا ہے، حکومت کی لیپ ٹاپ سکیم کی بدولت آج ہمارا نوجوان بے روزگار رہنے کی بجائے اپنے پیروں پر کھڑا ہونے کو ترجیح دیتا ہے۔









