خاتونِ اول اوررکن قومی اسمبلی آصفہ بھٹو زرداری نے سول ہسپتال کوئٹہ میں لیڈی ڈاکٹر ماہ نور ناصر پر ہونے والے تیزاب گردی کے ہولناک حملے کی شدید مذمت کی ہے
خاتون اول آصفہ بھٹو زرداری کی کوئٹہ میں لیڈی ڈاکٹرپر ہونے والے تیزاب گردی کے حملے کی شدید مذمت

مزید خبریں
اسلام آباد۔7جون (اے پی پی):خاتونِ اول اوررکن قومی اسمبلی آصفہ بھٹو زرداری نے سول ہسپتال کوئٹہ میں لیڈی ڈاکٹر ماہ نور ناصر پر ہونے والے تیزاب گردی کے ہولناک حملے کی شدید مذمت کی ہے۔
خاتونِ اول نے اس افسوسناک واقعے پر گہرے دکھ اور صدمے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے معاشرے میں خواتین پر تشدد کی کوئی گنجائش نہیں اور ایسے جرائم سے قانون کی پوری قوت کے ساتھ نمٹا جانا چاہیے۔ اتوار کو ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق آصفہ بھٹو زرداری نے متعلقہ حکام پر زور دیا کہ مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔خاتونِ اول نے ڈاکٹر ماہ نور ناصر اور حملے کے دوران ڈاکٹر کا دفاع کرتے ہوئے زخمی ہونے والے بہادر وارڈ بوائے عبدالرزاق ترکئی کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔ انہوں نے مقامی انتظامیہ اور طبی حکام کو ہدایت کی کہ دونوں زخمیوں کو بہترین ممکنہ طبی سہولیات اور خصوصی نگہداشت فراہم کی جائے۔انہوں نے وارڈ بوائے عبدالرزاق ترکئی کی غیر معمولی بہادری کو سراہتے ہوئے ان کی بے لوث جرات اور قربانی کے اعتراف میں انہیں اعلیٰ سول اعزاز دینے کے لیےصدرمملکت آصف علی زرداری سے درخواست کی۔ خاتونِ اول نے کہا کہ ان کی بروقت اور دلیرانہ مداخلت نے نہ صرف ایک قیمتی جان بچائی بلکہ پوری قوم کے لیے انسانیت، ہمت اور ایثار کی ایک قابلِ تقلید مثال بھی قائم کی ہے۔








