وزیر مملکت برائے خزانہ و محصولات بلال اظہر کیانی نے فنانس ڈویژن میں ملک بھر کی ویمن چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی صدور، نائب صدور اور نمائندوں کے ساتھ مشاورتی اجلاس کی صدارت کی۔
حکومت معاشی وسماجی ترقی میں خواتین کی مؤثر شمولیت کے فروغ کیلئے پُرعزم ہے،بلال اظہرکیانی

مزید خبریں
اسلام آباد۔7جون (اے پی پی):وزیر مملکت برائے خزانہ و محصولات بلال اظہر کیانی نے فنانس ڈویژن میں ملک بھر کی ویمن چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی صدور، نائب صدور اور نمائندوں کے ساتھ مشاورتی اجلاس کی صدارت کی۔
اتوار کو وزارت خزانہ سے جاری بیان کے مطابق اجلاس میں اسلام آباد، لاہور، فیصل آباد، سیالکوٹ، پشاور، ایبٹ آباد، سرگودھا، کراچی اور دیگر شہروں سے تعلق رکھنے والے تقریباً 40 ویمن چیمبرز کے نمائندہ وفود نے شرکت کی۔ وفاقی ایوان ہائے صنعت و تجارت پاکستان (ایف پی سی سی آئی) کی نائب صدر قرۃ العین کی قیادت میں وفد نے وزیر مملکت کے ساتھ وفاقی بجٹ سازی کے عمل، خواتین کی معاشی شمولیت، کاروباری سرگرمیوں اور قومی معیشت میں خواتین کےکردار کو مزید مضبوط بنانے سے متعلق امور پر تعمیری تبادلہ خیال کیا۔شرکاء نے خواتین کاروباری شخصیات کو درپیش چیلنجز پر اپنے خیالات کا اظہار کیا اور معاشی سرگرمیوں اور عوامی پالیسی سازی میں خواتین کی شرکت بڑھانے کے لیے مختلف تجاویز پیش کیں۔ اجلاس کے دوران نمائندوں نے خواتین کو مرکزی دھارے کی پالیسی سازی اور فیصلہ سازی کے عمل میں زیادہ مؤثر انداز میں شامل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے ہنر مندی کے فروغ، خصوصی اقتصادی زونز تک بہتر رسائی، خواتین کی قیادت میں چلنے والے کاروباری اداروں کے لیے مزید مواقع اور انسانی وسائل کی ترقی کے پروگراموں میں خواتین کی بڑھتی ہوئی شرکت کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ وفد نے جاری بجٹ تیاری کے عمل کے تناظر میں مختلف سفارشات بھی پیش کیں۔ بلال اظہر کیانی نے ملکی معاشی ترقی میں خواتین کاروباری شخصیات کے اہم کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ خواتین معیشت کے مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دے رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں حکومت خواتین کے لیے مواقع میں اضافے اور معاشی وسماجی ترقی میں ان کی مؤثر شمولیت کے فروغ کے لیے پُرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین پہلے ہی مختلف مشاورتی بورڈز، کمیٹیوں اور مشاورتی پلیٹ فارمز کے ذریعے اہم کردار ادا کر رہی ہیں اورحکومت ان کی نمائندگی اور شمولیت کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اقدامات جاری رکھے گی۔ وزیر مملکت نے شرکاء کے مسائل،تحفظات اور تجاویز کو غور سے سنا اور یقین دہانی کرائی کہ پالیسی سازی کے عمل میں ان کی سفارشات کا سنجیدگی سے جائزہ لیا جائے گا۔ انہوں نے خواتین کی معاشی خودمختاری کے فروغ کے لیے اقدامات کی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے وفد کو یقین دلایا کہ وزارت خواتین کی ملکیتی کاروباری سرگرمیوں کو درپیش مسائل کے حل کے لیے اپنا تعاون جاری رکھے گی۔اجلاس میں شرکت کرنے والوں میں قرۃ العین نائب صدر ایف پی سی سی آئی )، ڈاکٹر شہلا جاوید اکرم (بانی صدر LWCCI)، ثمینہ فاضل (بانی اور صدر IWCCI)، روبینہ امجد (بانی صدر FWCCI)، شمیم آفتاب (بانی صدر سرگودھا وویمن سی سی آئی ، قرتالعین (بانی صدر) پشاور ویمن سی سی آئی، زارا امتیاز (کے پی کے سی سی آئی)، نعیمہ انصاری (آئی ڈبلیو سی سی آئی)، فلک انجم ناز (راولپنڈی سی سی آئی)، صائمہ رضوان (ایبٹ آباد ویمن سی سی آئی)، رابعہ ارمغان (سیالکوٹ ویمن سی سی آئی)، محبوبہ خان (کراچی خواتین)، صاحب زادی ماہین خان (کراچی خواتین)۔ عمران (LWCCI) اور ملک بھر سے خواتین چیمبرز کے نمائندے شامل تھیں۔








