پاکستانی گلوکارہ سائرہ پیٹر نے لندن میں شاندار پرفارمنس سے عالمی سطح پر ملک کا نام روشن کیا ہے،وفاقی وزیر اورنگزیب خان کھچی

اسلام آباد۔7جون (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت اورنگزیب خان کھچی نے لندن کے تاریخی رائل البرٹ ہال میں پاکستانی صوفی اورا وپیرا گلوکارہ سائرہ پیٹر کی شاندار اور تاریخی پرفارمنس کو سراہتے ہوئے اسے پاکستان کے لیے ایک عظیم اعزاز قرار دیا ہے۔ اتوار کو اپنے ایک پیغام میں انہوں نے کہا کہ سائرہ پیٹر نے عالمی سطح پر پاکستان کا نام روشن کیا ہے۔وفاقی وزیر …

اسلام آباد۔7جون (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت اورنگزیب خان کھچی نے لندن کے تاریخی رائل البرٹ ہال میں پاکستانی صوفی اورا وپیرا گلوکارہ سائرہ پیٹر کی شاندار اور تاریخی پرفارمنس کو سراہتے ہوئے اسے پاکستان کے لیے ایک عظیم اعزاز قرار دیا ہے۔

اتوار کو اپنے ایک پیغام میں انہوں نے کہا کہ سائرہ پیٹر نے عالمی سطح پر پاکستان کا نام روشن کیا ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ 5 ہزار سے زائد سامعین کے سامنے سائرہ پیٹر کی پرفارمنس نے مشرقی اور مغربی موسیقی کے حسین امتزاج کو پیش کیا جو پاکستان کے ثقافتی ورثے کی بھرپور عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سائرہ پیٹر کی صوفی اور اوپیرا موسیقی کا امتزاج عالمی موسیقی میں ایک منفرد شناخت رکھتا ہے۔انہوں نےکہا کہ ایسے بین الاقوامی پروگرامز پاکستان کے سافٹ امیج کواجاگرکرتے ہیں اور نوجوان فنکاروں کے لیے نئے دروازے کھولتے ہیں۔ سائرہ پیٹر کی یہ کامیابی ثقافتی سفارتکاری کی ایک روشن مثال ہے جس سے دنیا بھر میں پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر ہو رہا ہے۔وفاقی وزیر نے سائرہ پیٹر اور ان کی ٹیم کو اس تاریخی کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ آئندہ بھی اسی طرح پاکستان کا نام عالمی سطح پر بلند کرتی رہیں گی اور نوجوان نسل کے لیے مشعل راہ ثابت ہوں گی۔