ایران نے پیٹروکیمیکل تنصیبات پر حملے کے جواب میں اسرائیل کے شہر حیفہ میں پیٹروکیمیکل تنصیبات کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔
ایران کا پیٹروکیمیکل تنصیبات پر حملے کے جواب میں اسرائیل کے شہر حیفہ میں پیٹروکیمیکل تنصیبات کو نشانہ بنانے کا دعویٰ

مزید خبریں
تہران ۔8جون (اے پی پی):ایران نے پیٹروکیمیکل تنصیبات پر حملے کے جواب میں اسرائیل کے شہر حیفہ میں پیٹروکیمیکل تنصیبات کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔ بی بی سی کے مطابق ایران کے پاسدارانِ انقلاب نے ایک بیان میں دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے ایران کی پیٹروکیمیکل تنصیبات پر اسرائیلی حملے کے جواب میں حیفہ کی پیٹروکیمیکل تنصیبات پر میزائل حملہ کیا ہے۔ پاسداران انقلاب کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ شہری اہداف اور تیل و توانائی کی تنصیبات کو نشانہ بنانا ایک خطرناک کھیل ہے جو پورے خطے کے توانائی کے بنیادی ڈھانچے کو خطرے میں ڈال سکتا ہے۔ اسرائیلی حملے کا نشانہ بننے والی تنصیبات میں ماہ شہر میں واقع کارون پیٹروکیمیکل کمپنی بھی شامل تھی تاہم پاسدارانِ انقلاب کے بیان میں اس کا نام براہِ راست نہیں لیا گیا۔
پیٹروکیمیکل سپیشل اکنامک زون آرگنائزیشن کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ نے اپنے بیان میں کہا کہ کارون پیٹروکیمیکل کمپنی پر دو حملے کیے گئے، تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی اور نقصانات کی نوعیت کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔اس سے قبل اسرائیل نے اعلان کیا تھا کہ اس نے ماہ شہر کے پیٹروکیمیکل کمپلیکس میں متعدد اہداف کو نشانہ بنایا ہے۔حملے کے بعد ماہ شہر سپیشل اکنامک زون کی انتظامیہ نے بیان جاری کرتے ہوئے بتایا کہ پیٹروکیمیکل سپیشل اکنامک زون کے اعلیٰ حکام برائے سول دفاع اور مینجمنٹ کے فیصلے کے تحت تمام ڈیوٹی پر موجود ملازمین کو فوری طور پر علاقے سے نکال لیا گیا ہے۔
کارون پیٹروکیمیکل کمپنی سنہ 2002 میں ایران کی پہلی پیٹروکیمیکل کمپنی کے طور پر قائم کی گئی تھی۔ کمپنی کی ویب سائٹ کے مطابق یہ سالانہ 200 ہزار ٹن سے زائد پیٹروکیمیکل مصنوعات تیار کرتی ہے۔دریں اثنا اسرائیلی افواج نے درجنوں جنگی طیاروں کی مدد سے ایران کے دفاعی نظام کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے اور کہا ہے کہ ایران میں سٹریٹجک دفاعی نظاموں کے خلاف بڑے پیمانے پر حملے مکمل کر لیے گئے ہیں۔ اسرائیلی فوج کے ایک نئے بیان کے مطابق وسطی اور مغربی ایران میں ہونے والی کارروائیوں میں اسرائیلی فضائیہ کے درجنوں جنگی طیاروں نے حصہ لیا۔بیان میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ان حملوں کے دوران ایران کے متعدد دفاعی نظاموں کو نشانہ بنا کر انھیں غیر مؤثر کر دیا گیا ہے۔اسرائیلی فوج کا مزید کہنا ہے کہ ان حملوں کے نتیجے میں ایرانی فضائی حدود میں اسرائیلی فضائیہ کی کارروائی میں مزید اضافہ ہوا ہے۔








