گورنر خیبرپختونخوا کاشمالی وزیرستان میں کامیاب آپریشن پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نےشمالی وزیرستان میں کامیاب آپریشن پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔

اسلام آباد۔8جون (اے پی پی):گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نےشمالی وزیرستان میں کامیاب آپریشن پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔پیر کو گورنر آفس اسلام آباد سے جاری بیان میں گورنر نے کہا کہ میران شاہ میں کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیوں پر سکیورٹی فورسز کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ 72 گھنٹوں میں ہندوستانی سرپرستی کے حامل 27 دہشت گردوں کا خاتمہ بڑی کامیابی ہے، یہ کامیاب کارروائیاں قومی سلامتی کے تحفظ اور خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے انتہائی اہم ہیں۔انہوں نے کہا کہ کارروائی میں میران شاہ کے ممتاز قبائلی رہنما شہید ملک سیف اللہ داوڑ کے قاتلوں کا خاتمہ دہشت گردی کےمتاثرین کے خاندانوں کے زخموں پر مرہم رکھنے کے مترادف ہے۔

انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا خصوصاً ضم شدہ اضلاع کے عوام نے دہشت گردی کے خلاف بے مثال قربانیاں دی ہیں، ریاست دشمن عناصر کو دوبارہ امن و استحکام خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ سکیورٹی فورسز، قانون نافذ کرنے والے ادارے اور عوام دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے یکجا ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وفاقی حکومت کے وژن اور قومی ایکشن پلان کے تحت جاری ’’عزمِ استحکام‘‘ مہم کے ذریعے دہشت گردی کے ناسور کا خاتمہ کیا جائے گا۔