ڈائریکٹوریٹ جنرل آف حج مدینہ منورہ نے حج 2026ء کے آپریشنز کے لیے جدید ٹیکنالوجی، سمارٹ گورننس اور بہترین مالیاتی حکمت عملی پر مبنی متعدد انقلابی اقدامات نافذ کر دیے ہیں۔
حج 2026،مدینہ منورہ میں حجاج کے لیے سیکنڈز میں کمروں کی الاٹمنٹ، منسٹری ریٹ پر مرکزیہ میں رہائش، انسانی وسائل کے اخراجات میں کمی اور کارکردگی کی بنیاد پر کیٹرنگ سروسز فعال

مزید خبریں
مدینہ منورہ۔8جون (اے پی پی):ڈائریکٹوریٹ جنرل آف حج مدینہ منورہ نے حج 2026ء کے آپریشنز کے لیے جدید ٹیکنالوجی، سمارٹ گورننس اور بہترین مالیاتی حکمت عملی پر مبنی متعدد انقلابی اقدامات نافذ کر دیے ہیں۔ حج کی تاریخ میں پہلی بار متعارف کرائے گئے ڈیجیٹل انڈکشن سسٹم کے ذریعے حجاج کرام کے لیے ہوٹل کے کمروں کی الاٹمنٹ کا عمل گھنٹوں سے کم ہو کر چند سیکنڈز تک محدود ہو گیا ہے۔ ان تاریخی اقدامات میں وزارتِ مذہبی امور کے مقرر کردہ نرخوں کے عین مطابق مدینہ منورہ کے مرکزی زون (مرکزیہ) میں ایک لاکھ 19ہزار 500 حجاج کے لئے انتہائی سستی رہائشوں کا حصول، انسانی وسائل (HR) کے اخراجات کو 17 سعودی ریال سے کم کر کے 14 سعودی ریال فی حاجی تک لانا اور کیٹرنگ کمپنیوں کو خالصتاً کارکردگی کی بنیاد پر کوٹہ مختص کرنا شامل ہے۔
ڈائریکٹر حج مدینہ منورہ زاہد سہیل نے اے پی پی کو بتایا کہ قبل از حج مرحلے میں 46 ہزار 945 اور بعد از حج مجموعی طور پر 72 ہزار 271 حجاج کرام کے لیے رہائش، معیاری خوراک، سٹی چیک ان اور ٹرانسپورٹ کی فراہمی کا جامع لاجسٹک پلان کامیابی سے فعال کیا گیا ہے۔ اسلامی یونیورسٹی مدینہ کے ایک پاکستانی طالب علم کے تیار کردہ کمپیوٹرائزڈ روم الاٹمنٹ سافٹ ویئر کی تفصیلات بتاتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ اس جدید نظام نے مینوئل کام کو ختم کر کے شفافیت کو یقینی بنایا ہے، جس کی بدولت حجاج کرام بسوں سے اترتے ہی بغیر کسی انتظار کے براہِ راست اپنے مختص کردہ کمروں میں چلے جاتے ہیں۔
زاہد سہیل نے بتایا کہ پاکستان حج مشن نے سٹریٹجک خریداری کے ذریعے مسجد نبویؐ کے قریب ترین اور وی آئی پی علاقے ‘مرکزیہ’ میں 1 لاکھ 19 ہزار 216 بیڈز کا وزارت کے مقرر کردہ نرخوں (طویل پیکیج کے لیے 1200 ریال اور مختصر پیکیج کے لیے 600 ریال فی بیڈ) پر حاصل کیا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ، بہترین مالیاتی نظم و نسق کے ذریعے خدمات کے معیار پر سمجھوتہ کیے بغیر ہیومن ریسورس لاگت میں تاریخی بچت کی گئی ہے۔ خوراک کے اعلیٰ معیار کے لیے 14 منظور شدہ کمپنیوں کو کارکردگی کی بنیاد پر کوٹہ دیا گیا ہے، جبکہ ڈیجیٹل ‘نسک’ کارڈز کے ذریعے انتظامی شکایات کا 100 فیصد فوری ازالہ اور فیلڈ کلینکس کے ذریعے 24 گھنٹے طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
دریں اثنا، وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے حج مشن مدینہ منورہ کے ان اقدامات کو زبردست الفاظ میں سراہا ہے۔ انہوں نے مسجد نبوی ﷺسے متصل مرکزیہ میں پاکستانی حجاج کے لیے 1 لاکھ 19 ہزار 509 بیڈز کے حصول، مدینہ میں سٹی چیک ان کی سہولت اور حجاج کے بیڈز کی سیکنڈز میں الاٹمنٹ کے انقلابی نظام کی تعریف کی۔ وفاقی وزیر نے حج مشن کے ان اقدامات پر گہرے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ڈائریکٹر مدینہ اور ان کی پوری ٹیم کو مثالی کارکردگی پر شاباش دی اور ان کی خدمات کو سراہا۔








