گلگت بلتستان کے انتخابات میں پاکستان پیپلزپارٹی کی تاریخ ساز کامیابی پر بلاول بھٹو کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، ربانی خان کاکڑ

پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے جنرل سیکرٹری ربانی خان کاکڑ نےگلگت بلتستان کے انتخابات میں پاکستان پیپلزپارٹی کی تاریخ ساز کامیابی پر پارٹی قیادت،گلگت بلتستان کے باشعور عوام اور تمام جیالوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا

کوئٹہ۔ 08 جون (اے پی پی):پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے جنرل سیکرٹری ربانی خان کاکڑ نےگلگت بلتستان کے انتخابات میں پاکستان پیپلزپارٹی کی تاریخ ساز کامیابی پر پارٹی قیادت،گلگت بلتستان کے باشعور عوام اور تمام جیالوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری اور خاتون اول آصفہ بھٹو زرداری نے جس محنت ، عوامی رابطہ مہم، مضبوط سیاسی بیانیے اور دوراندیش وژن کے ساتھ انتخابی مہم چلائی، وہ قابلِ تحسین ہے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے گلگت بلتستان کے عوام کے مسائل کو سمجھا ، ان کے اعتماد کو بحال کیا اور انہیں ایک روشن مستقبل کا یقین دلایا۔ پیر کو اپنے بیان میں پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے جنرل سیکرٹری ربانی خان کاکڑ نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام بخوبی جانتے ہیں کہ انہیں قانون ساز اسمبلی اور اپنی الگ آئینی و سیاسی شناخت کا حق پاکستان پیپلزپارٹی نے دیا۔

یہی وجہ ہے کہ آج بھی عوام کا اعتماد پیپلزپارٹی پر قائم ہے۔ ربانی خان کاکڑ نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی ہی وہ واحد جماعت ہے جو ملک کو ترقی ، خوشحالی، جمہوری استحکام اور عوامی فلاح کی راہ پر گامزن کر سکتی ہے۔ انھوں نے کہا کہ آنے والے عام انتخابات میں پاکستان پیپلزپارٹی پورے ملک میں واضح اکثریت حاصل کرکے پاکستان کو دوبارہ ترقی ، استحکام اور خوشحالی کی منزل کی طرف لے جائے گی۔ ربانی خان کاکڑ نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی ایک حقیقی عوامی جماعت ہے جس کی جڑیں چاروں صوبوں، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں مضبوطی سے موجود ہیں اور یہی عوامی طاقت اس کی سب سے بڑی قوت ہے۔