شدید گرمی اور ہیٹ ویو کی صورتحال مویشیوں کی صحت کے لیے ایک بڑا چیلنج بن سکتی ہے ،ڈاکٹر مادحہ طارق

ڈائریکٹوریٹ آف لائیو سٹاک راولپنڈی کی میڈیا فوکل پرسن ڈاکٹر مادحہ طارق نے کہا ہے کہ ملک کے مختلف علاقوں میں جاری شدید گرمی اور ہیٹ ویو کی صورتحال مویشیوں کی صحت کے لیے ایک بڑا چیلنج بن سکتی ہے

راولپنڈی۔8جون (اے پی پی):ڈائریکٹوریٹ آف لائیو سٹاک راولپنڈی کی میڈیا فوکل پرسن ڈاکٹر مادحہ طارق نے کہا ہے کہ ملک کے مختلف علاقوں میں جاری شدید گرمی اور ہیٹ ویو کی صورتحال مویشیوں کی صحت کے لیے ایک بڑا چیلنج بن سکتی ہے تاہم بروقت احتیاطی تدابیر اختیار کر کے جانوروں کو لو لگنے اور گرمی کے مضر اثرات سے محفوظ رکھا جا سکتا ہے۔ اے پی پی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مویشی ملکی معیشت اور دیہی روزگار کا اہم حصہ ہیں اس لیے موجودہ موسمی حالات میں ان کی صحت کا تحفظ مویشی پال حضرات کی اولین ترجیح ہونی چاہیے۔ انہوں نے بتایا کہ شدید گرمی، تیز دھوپ، ناکافی ہوا کی آمدورفت اور پانی کی کمی جانوروں میں ہیٹ سٹریس اور ہیٹ سٹروک کا باعث بن سکتی ہے جس سے ان کی صحت اور پیداواری صلاحیت متاثر ہونے کا خدشہ ہوتا ہے۔ ڈاکٹر مادحہ طارق کے مطابق لو لگنے کی نمایاں علامات میں تیز سانس لینا، جسمانی درجہ حرارت میں غیر معمولی اضافہ، بے چینی، کمزوری، منہ سے زیادہ رال بہنا، خوراک میں کمی اور کھڑے ہونے میں دشواری شامل ہیں جبکہ شدید صورت میں جانور بے ہوش بھی ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسی علامات ظاہر ہوتے ہی جانور کو فوری طور پر سایہ دار اور ہوا دار جگہ منتقل کیا جائے، صاف اور ٹھنڈا پانی فراہم کیا جائے اور جسم، خصوصاً سر، گردن اور ٹانگوں پر ٹھنڈا پانی ڈال کر اس کے جسمانی درجہ حرارت کو کم کرنے کی کوشش کی جائے۔ انہوں نے مویشی پال افراد پر زور دیا کہ فارموں، باڑوں اور کھلے شیڈز میں مناسب سایہ، صاف پانی اور ہوا کی مسلسل فراہمی یقینی بنائی جائے جبکہ جانوروں کو متوازن خوراک اور منرل مکسچر فراہم کیا جائے تاکہ وہ گرمی کے اثرات کا بہتر انداز میں مقابلہ کر سکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کمزور، بیمار اور عمر رسیدہ جانوروں کو خصوصی توجہ اور نگہداشت کی ضرورت ہوتی ہے۔ ڈاکٹر مادحہ طارق نے کہا کہ محکمہ لائیو سٹاک جانوروں کی صحت کے تحفظ اور مویشی پال افراد کی رہنمائی کے لیے بھرپور آگاہی مہم جاری رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے مویشی پال حضرات کو مشورہ دیا کہ جانوروں میں شدید علامات ظاہر ہونے کی صورت میں فوری طور پر قریبی ویٹرنری ڈاکٹر یا محکمہ لائیو سٹاک کے عملے سے رابطہ کریں تاکہ بروقت طبی امداد فراہم کرکے قیمتی جانوروں کو محفوظ بنایا جا سکے۔

مزید خبریں