سیکرٹری سپورٹس پنجاب کی زیرِ صدارت سپورٹس انڈوومنٹ فنڈ کے حوالے سے اجلاس

سیکرٹری سپورٹس پنجاب فضل الرحمن کی زیرِ صدارت سپورٹس انڈوومنٹ فنڈ کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبے بھر کے نوجوان کھلاڑیوں کی فلاح و بہبود اور ان کی مالی معاونت کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا

لاہور۔8جون (اے پی پی):سیکرٹری سپورٹس پنجاب فضل الرحمن کی زیرِ صدارت سپورٹس انڈوومنٹ فنڈ کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبے بھر کے نوجوان کھلاڑیوں کی فلاح و بہبود اور ان کی مالی معاونت کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں 243 نئے کھلاڑیوں کو ایک سال کے لیے سپورٹس انڈوومنٹ فنڈ فراہم کرنے کی منظوری دی گئی۔اس موقع پر سیکرٹری سپورٹس پنجاب فضل الرحمن نے کہا کہ پنجاب میں اس وقت 313 کھلاڑی سپورٹس انڈوومنٹ فنڈ کے تحت سکالرشپ حاصل کر رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ جولائی 2026 سے انڈوومنٹ فنڈ کی رقم میں اضافہ کیا جا رہا ہے، جس کے تحت پلاٹینیم کیٹیگری کے کھلاڑیوں کو ایک لاکھ روپے، گولڈ کیٹیگری کو 75 ہزار روپے، سلور کیٹیگری کو 50 ہزار روپے جبکہ ایمرجنگ کیٹیگری کے کھلاڑیوں کو 30 ہزار روپے فراہم کیے جائیں گے۔فضل الرحمن نے مزید کہا کہ نیشنل گیمز کے فاتحین اور گریڈ ٹو کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کو بھی ایک سال کے لیے سکالرشپ دیے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ سپورٹس انڈوومنٹ فنڈ سے مستفید ہونے والے کھلاڑیوں کو خصوصی کارڈز بھی جاری کیے جائیں گے۔سیکرٹری سپورٹس پنجاب کا کہنا تھا کہ سپورٹس انڈوومنٹ فنڈ نوجوان کھلاڑیوں کی فلاح و بہبود کے لیے قائم کیا گیا ہے اور یوتھ افیئرز اینڈ سپورٹس ڈیپارٹمنٹ پنجاب اس کے ذریعے نوجوان ٹیلنٹ کی بھرپور معاونت کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے اور انہیں کھیلوں کی جانب راغب کرنے کے لیے سپورٹس انڈوومنٹ فنڈ کو مزید وسعت دی جا رہی ہے اور اس سلسلے میں موثر اقدامات جاری ہیں۔ترجمان کےمطابق اجلاس کے دوران سیکرٹری سپورٹس پنجاب کو سپورٹس انڈوومنٹ فنڈ کے مختلف امور پر تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔ اجلاس میں ڈی جی سپورٹس پنجاب محمد طارق قریشی، ڈائریکٹر ایڈمن عابد شوکت، ڈائریکٹر سپورٹس چاند پروین، ڈائریکٹر یوتھ افیئرز محمد فہد، ڈپٹی ڈائریکٹر ظہور احمد سمیت پنشن فنڈ اور فنانس ڈیپارٹمنٹ کے افسران نے شرکت کی۔

مزید خبریں