ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل نعیم بشیر کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ کوالٹی کنٹرول بورڈ کا اجلاس منعقدہوا، 7 میڈیکل سٹورز کے کیسز ڈرگ کورٹ بھجوا دیئے گئے
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ کوالٹی کنٹرول بورڈ کا اجلاس منعقد

مزید خبریں
سیالکوٹ ۔ 08 جون (اے پی پی):ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل نعیم بشیر کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ کوالٹی کنٹرول بورڈ کا اجلاس منعقدہوا، 7 میڈیکل سٹورز کے کیسز ڈرگ کورٹ بھجوا دیئے گئے۔ جاری پریس ریلیز کے مطابق ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل نعیم بشیر کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ کوالٹی کنٹرول بورڈ کا اجلاس ڈی سی آفس کانفرنس روم سیالکوٹ میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ضلع بھر میں ادویات کی فروخت، ڈرگ قوانین پر عملدرآمد اور غیر قانونی میڈیکل پریکٹس سے متعلق کیسز کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کے دوران مجموعی طور پر 28 کیسز کی سماعت کی گئی۔ بورڈ نے بغیر ڈرگ سیل لائسنس ادویات فروخت کرنے، ممنوعہ ادویات رکھنے اور فروخت کرنے، نیز غیر قانونی میڈیکل پریکٹس میں ملوث 7 میڈیکل سٹورز کے کیسز ڈرگ کورٹ بھجوانے کا فیصلہ کیا۔ بورڈ نے مختلف خلاف ورزیوں میں ملوث 10 میڈیکل سٹورز کو وارننگ جاری کی جبکہ مزید جانچ اور قوانین پر عملدرآمد کی تصدیق کے لیے 6 کیسز کو ری وزٹ کے لیے مقرر کیا گیا۔ مزید کارروائی اور ریکارڈ کی تکمیل کے لیے 5 کیسز کی سماعت آئندہ اجلاس تک موخر کر دی گئی۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انسانی جانوں سے کھیلنے اور ڈرگ قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی جاری رہے گی۔ انہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ ادویات کی فروخت اور میڈیکل سٹورز کی مانیٹرنگ کے عمل کو مزید مؤثر بنایا جائے تاکہ شہریوں کو معیاری اور محفوظ ادویات کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ غیر قانونی میڈیکل پریکٹس، ممنوعہ ادویات کی فروخت اور بغیر لائسنس کاروبار کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا اور خلاف ورزی کے مرتکب عناصر کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔








