فلپائن میں 7.8 شدت کازلزلہ،اموات بڑھ کر 32 ہو گئیں، متعدد عمارتوں کو نقصان پہنچا

فلپائن کے صوبہ سرنگانی میں 7.8 شدت کے شدید زلزلے سے اموات بڑھ کر 32 ہو گئیں، متعدد عمارتوں کو نقصان پہنچا جبکہ سکولوں اور پروازوں کی سرگرمیاں معطل کر دی گئیں۔

منیلا۔8جون (اے پی پی):فلپائن کے صوبہ سرنگانی میں 7.8 شدت کے شدید زلزلے سے اموات بڑھ کر 32 ہو گئیں، متعدد عمارتوں کو نقصان پہنچا جبکہ سکولوں اور پروازوں کی سرگرمیاں معطل کر دی گئیں۔

شنہوا کے مطابق فلپائن کے سول ڈیفنس کے دفتر کے ترجمان جونی کاسٹیلو نے بتایا ہے کہ ساحلی شہر جنوبی کوتاباتو کے علاقے جنرل سانتوس میں 10 اموات رپورٹ ہوئیں جبکہ 12 افراد تاحال لاپتہ ہیں،اموات کی وجوہات میں ملبہ گرنا، عمارتوں کا منہدم ہونا اور لینڈ سلائیڈنگ شامل ہیں۔ فلپائن نیشنل پولیس کے مطابق زلزلے سے 134 افراد زخمی ہوئے ہیں۔جنرل سانتوس میں ایک دو منزلہ سکول کی عمارت گر گئی، جس کے اندر طلبہ کے پھنسے ہونے کی اطلاعات ہیں۔ حکام اس واقعے کی تفصیلات کی تصدیق کر رہے ہیں۔ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیوز میں متاثرہ علاقوں میں یونیورسٹیوں اور ریسٹورنٹس کی عمارتوں کو منہدم ہوتے دیکھا جا سکتا ہے۔ کئی تجارتی عمارتوں کو بھی ساختی نقصان پہنچا، جن کے سائن بورڈ گر گئے اور شیشے ٹوٹ گئے۔ زلزلے کے باعث شہری گھروں اور عمارتوں سے باہر نکل آئے۔یہ شدید زلزلہ ایسے وقت میں آیا جب گرمیوں کی تعطیلات کے بعد ملک بھر میں سکول دوبارہ کھلنا شروع ہوئے تھے۔ فلپائن کے محکمہ تعلیم نے اعلان کیا ہے کہ 5,800 سے زائد متاثرہ سکولوں میں طلبہ کی حفاظت کے پیش نظر کلاسیں معطل کر دی گئی ہیں۔ فلپائن کے انسٹی ٹیوٹ آف وولکینولوجی اینڈ سیسمولوجی کے مطابق زلزلہ پیر کی صبح 7:37 بجے جزیرہ منڈانائو کے قریب سمندری علاقے میں آیا، جس کی گہرائی 33 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی۔جنرل سانتوس انٹرنیشنل ایئرپورٹ نے صبح 8:45 بجے سے سہ پہر 3 بجے تک حفاظتی معائنے کے لیے اپنی سرگرمیاں معطل رکھیں۔ تین فضائی کمپنیوں نے مجموعی طور پر 17 اندرونِ ملک پروازیں منسوخ کر دیں۔ سول ایوی ایشن حکام کے مطابق پیر کی سہ پہر 3 بجے سے 11 جون شام 6 بجے تک ہوائی اڈے پر صرف سرکاری، فوجی اور انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امدادی پروازوں کو اجازت دی جائے گی۔

مزید خبریں