کوئٹہ۔ 08 جون (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر جعفرآباد خالد خان کی زیر صدارت اسپیشل سپورٹ پروگرام (SSP)کے تحت فنڈز کے شفاف اور مؤثر استعمال کے حوالے سے ضلعی سطح کی سماجی بہبود کمیٹی کااجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں مختلف سرکاری محکموں کے ضلعی سربراہان اور متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران حکومت بلوچستان کے محکمہ خزانہ کی جانب سے جاری کردہ فنڈز اور ان کے استعمال کے طریقہ …
حکومت بلوچستان نےاسپیشل سپورٹ پروگرام کے تحت 20 کروڑ روپے کے فنڈز جاری کیے،ڈپٹی کمشنر جعفرآباد

مزید خبریں
کوئٹہ۔ 08 جون (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر جعفرآباد خالد خان کی زیر صدارت اسپیشل سپورٹ پروگرام (SSP)کے تحت فنڈز کے شفاف اور مؤثر استعمال کے حوالے سے ضلعی سطح کی سماجی بہبود کمیٹی کااجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں مختلف سرکاری محکموں کے ضلعی سربراہان اور متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران حکومت بلوچستان کے محکمہ خزانہ کی جانب سے جاری کردہ فنڈز اور ان کے استعمال کے طریقہ کار پر غور و خوض کیا گیا۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ حکومت بلوچستان نے عوامی فلاح و بہبود کو مدنظر رکھتے ہوئے اسپیشل سپورٹ پروگرام کے تحت 20 کروڑ روپے کے فنڈز جاری کیے ہیں جن میں سے 25 لاکھ روپے مستحق طلباء کو تعلیمی وظائف (اسکالرشپ) اور نادار و مستحق مریضوں کو علاج معالجے کی سہولت فراہم کرنے کے لیے مختص کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کا بنیادی مقصد معاشرے کے ایسے طبقات کی مدد کرنا ہے جو مالی مشکلات کے باعث تعلیم اور علاج جیسی بنیادی ضروریات سے محروم رہ جاتے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ فنڈز کی تقسیم مکمل شفافیت، میرٹ اور مقررہ حکومتی قواعد و ضوابط کے مطابق یقینی بنائی جائے تاکہ حقیقی اور مستحق افراد اس سہولت سے مستفید ہو سکیں۔ انہوں نے کہا کہ طلباء کی تعلیمی معاونت اور مریضوں کے علاج کے لیے فراہم کیے جانے والے فنڈز عوامی امانت ہیں اس لیے ان کے استعمال میں کسی قسم کی غفلت، کوتاہی یا بے ضابطگی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ خالد خان نے مزید کہا کہ ضلعی انتظامیہ عوامی خدمت کے جذبے کے تحت تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لا رہی ہے تاکہ مستحق افراد کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔ انہوں نے کمیٹی کے اراکین پر زور دیا کہ درخواستوں کی جانچ پڑتال غیر جانبدارانہ انداز میں کی جائے اور ضرورت مند افراد تک امداد کی بروقت فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ اجلاس کے دوران مختلف محکموں کے نمائندوں نے بھی اپنی تجاویز پیش کیں جبکہ مستحق افراد کے انتخاب، درخواستوں کی جانچ اور فنڈز کی تقسیم کے طریقہ کار پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت بلوچستان کی فلاحی اسکیموں کے ثمرات نچلی سطح تک پہنچانے کے لیے تمام متعلقہ ادارے باہمی تعاون اور ذمہ داری کے ساتھ کام کریں گے تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جا سکے۔








