سپیشل انویسٹمنٹ فسیلیٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی) کے قیام کے بعد گزشتہ تین برسوں میں پاکستان کے صحت کے شعبے میں نمایاں پیش رفت دیکھنے میں آئی ہے۔
ایس آئی ایف سی کی تین سالہ شاندار کارکردگی، صحت کے شعبے میں تاریخی کامیابیاں

مزید خبریں
اسلام آباد۔9جون (اے پی پی):سپیشل انویسٹمنٹ فسیلیٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی) کے قیام کے بعد گزشتہ تین برسوں میں پاکستان کے صحت کے شعبے میں نمایاں پیش رفت دیکھنے میں آئی ہے۔ ایس آئی ایف سی کے تعاون سے صحت کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے، سرمایہ کاری کے فروغ اور عوام کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے متعدد اہم اقدامات کیے گئے ہیں۔وفاقی کابینہ کی جانب سے نیشنل ویکسین پالیسی کی منظوری صحت کے شعبے میں ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوئی ہے، جس کے ذریعے ملک میں ویکسین سازی کی صنعت کو فروغ ملا اور عالمی معیار کے مطابق ویکسین کی تیاری کی راہ ہموار ہوئی ہے۔
اسی طرح نیشنل بلڈ ٹرانسفیوژن پالیسی کے نفاذ سے خون کی محفوظ فراہمی اور پلازما کی پیداوار کے نظام میں بہتری آئی ہے، جس سے مریضوں کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی ممکن ہوئی ہے۔ایس آئی ایف سی کی کاوشوں سے عام استعمال کی ادویات کی قیمتوں میں نرمی لائی گئی، جس کے نتیجے میں مارکیٹ میں ادویات کی دستیابی بہتر ہوئی اور عوام کو ریلیف ملا ہے۔پاکستان کو خطے میں میڈیکل ٹورازم کے ایک اہم مرکز کے طور پر متعارف کرانے کے لیے بھی اقدامات کیے گئے ہیں، تاکہ بیرونِ ملک سے مریض پاکستان آ کر معیاری اور کم لاگت طبی سہولیات سے استفادہ کر سکیں۔ادویات کے معیار اور عالمی اعتماد میں اضافے کے لیے ڈریپ کی سینٹرل ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹری کو عالمی ادارۂ صحت (ڈبلیو ایچ او) کی منظوری حاصل ہوئی، جو پاکستانی فارماسیوٹیکل مصنوعات کے لیے ایک بڑی کامیابی ہے۔
ہیلتھ ٹیکنالوجی کے شعبے میں بھی نمایاں پیش رفت ہوئی ہے۔ نئے اسٹارٹ اپس، ٹیلی میڈیسن سروسز اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے مواقع پیدا ہونے سے صحت کے شعبے میں جدید رجحانات کو فروغ ملا ہے۔ایس آئی ایف سی کے تعاون سے پاکستان ایسوسی ایشن آف پلاسٹک سرجنز کی 30ویں سالانہ بین الاقوامی کانفرنس کا کامیاب انعقاد بھی عمل میں آیا، جس سے طبی ماہرین کے درمیان بین الاقوامی تعاون کو تقویت ملی۔ان تمام اقدامات کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں اور پاکستان کے صحت کے شعبے کا منافع سال 2025 میں 78 فیصد اضافے کے ساتھ 42.2 ارب روپے کی ریکارڈ سطح تک پہنچ گیا ہے۔ایس آئی ایف سی کی مؤثر حکمت عملی اور سہولت کاری کے باعث پاکستان کا صحت کا شعبہ تیزی سے ترقی کی جانب گامزن ہے اور عالمی معیار کے مطابق ایک مضبوط، جدید اور سرمایہ کاری دوست نظام کی شکل اختیار کر رہا ہے۔








