لاہور میں کینال روڈ پر چنگ چی اور لوڈر رکشوں کے داخلے پر پابندی کے بعد ٹریفک کی صورتحال میں نمایاں بہتری آئی ہے۔
کینال روڈ پر چنگ چی و لوڈر رکشوں کے داخلے پر پابندی سے ٹریفک کی روانی بہتر ہوئی ،سی ٹی او لاہور

مزید خبریں
لاہور۔9جون (اے پی پی):لاہور میں کینال روڈ پر چنگ چی اور لوڈر رکشوں کے داخلے پر پابندی کے بعد ٹریفک کی صورتحال میں نمایاں بہتری آئی ہے۔چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او)لاہور کے مطابق شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ماڈل روڈز، بالخصوص کینال روڈ پر چنگ چی اور لوڈر رکشوں کا داخلہ بند کیا گیا ہے جس کے باعث کینال روڈ پر اب تک کوئی مہلک یا غیر مہلک ٹریفک حادثہ پیش نہیں آیا۔ سی ٹی او لاہور نے کہا ہے کہ چنگ چی رکشے کینال روڈ پر بے ہنگم ٹریفک اور سست رفتار ٹریفک (سلو موونگ) کا باعث بن رہے تھے، جس سے شہریوں کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا تھا۔ٹریفک پولیس کے اعداد و شمار کے مطابق کریک ڈاون کے دوران اب تک 2,210 چنگ چی رکشوں اور 6,187 لوڈر رکشوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جا چکی ہے۔انہوں نے کہا کہ ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے اور سڑکوں کو محفوظ بنانے کے لیے کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی۔








