چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان کا 10 پولنگ سٹیشنوں پر دوبارہ پولنگ کا حکم

چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان راجہ شہباز خان نے حلقہ GBA-08 اسکردو-II کے 10 پولنگ سٹیشنوں پر ہونے والے انتخابات کو کالعدم قرار دیتے ہوئے 15 جون کو دوبارہ پولنگ کرانے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔

گلگت۔ 09 جون (اے پی پی):چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان راجہ شہباز خان نے حلقہ GBA-08 اسکردو-II کے 10 پولنگ سٹیشنوں پر ہونے والے انتخابات کو کالعدم قرار دیتے ہوئے 15 جون کو دوبارہ پولنگ کرانے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔الیکشن کمیشن کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار سید محمد علی شاہ کی جانب سے بعض پولنگ اسٹیشنوں پر انتخابی بے ضابطگیوں اور بدانتظامی کے الزامات عائد کیے گئے تھے، جس پر دائر درخواست کی سماعت کے بعد الیکشن کمیشن نے فیصلہ سنایا۔نوٹیفکیشن کے مطابق حلقہ GBA-08 اسکردو-II کے 10 پولنگ سٹیشنوں پر دوبارہ پولنگ 15 جون کو صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہے گی۔ الیکشن کمیشن نے ریٹرننگ آفیسر کو ہدایت کی ہے کہ وہ مناسب سکیورٹی اور ضروری وسائل کی فراہمی کو یقینی بناتے ہوئے پولنگ کے عمل کی مؤثر نگرانی کریں تاکہ شفاف اور منصفانہ انتخابات کا انعقاد ممکن بنایا جا سکے۔واضح رہے کہ GBA-08 اسکردو-II کے ابتدائی انتخابی نتائج کے مطابق مجلس وحدت المسلمین کے امیدوار میثم کاظم کامیاب قرار پائے تھے، تاہم بعض پولنگ سٹیشنوں پر انتخابی عمل سے متعلق شکایات سامنے آنے کے بعد الیکشن کمیشن نے معاملے کا جائزہ لیتے ہوئے 10 پولنگ سٹیشنوں پر دوبارہ پولنگ کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔