گلگت بلتستان کے کچھ حلقوں میں دوبارہ پولنگ تک نتائج کے اجرا پر پابندی

الیکشن کمیشن گلگت بلتستان نے حلقہ GBA-08 اسکردو-II، GBA-13 استور-I، GBA-15 دیامر-I، GBA-16 دیامر-II اور GBA-17 دیامر-III میں مخصوص پولنگ اسٹیشنوں پر دوبارہ پولنگ کے فیصلے کے بعد نتائج کی تکمیل اور اعلان کا عمل روکنے کے احکامات جاری کر دیے ہیں

گلگت۔ 09 جون (اے پی پی):الیکشن کمیشن گلگت بلتستان نے حلقہ GBA-08 اسکردو-II، GBA-13 استور-I، GBA-15 دیامر-I، GBA-16 دیامر-II اور GBA-17 دیامر-III میں مخصوص پولنگ اسٹیشنوں پر دوبارہ پولنگ کے فیصلے کے بعد نتائج کی تکمیل اور اعلان کا عمل روکنے کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری مراسلے کے مطابق مذکورہ حلقوں میں دوبارہ پولنگ مکمل ہونے اور ری پولنگ والے پولنگ اسٹیشنوں کے نتائج موصول ہونے تک حلقہ وار حتمی نتائج کو یکجا (Consolidate) نہیں کیا جائے گا۔ ریٹرننگ افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اس دوران پوسٹل بیلٹس نہ کھولیں، ان کی جانچ پڑتال یا گنتی نہ کریں اور نہ ہی کسی حلقے کا حتمی نتیجہ جاری، مرتب یا اعلان کریں۔مراسلے میں کہا گیا ہے کہ انتخابات ایکٹ 2017 اور الیکشن رولز کے تحت نتائج کی تکمیل کا عمل صرف ری پولنگ کے نتائج شامل کرنے کے بعد ہی مکمل کیا جا سکتا ہے۔ الیکشن کمیشن نے واضح کیا ہے کہ ان ہدایات کی خلاف ورزی کو کمیشن کے احکامات کی خلاف ورزی تصور کیا جائے گا اور متعلقہ افسران کو ان پر من و عن عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔یہ احکامات چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان کی ہدایت پر صوبائی الیکشن کمشنر عابد رضا کی جانب سے جاری کیے گئے ہیں۔