وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری کے عمل کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ خسارے کا شکار ریاستی ملکیتی اداروں کی نجکاری حکومت کی ترجیح ہے،
وزیر اعظم کی زیر صدارت اجلاس، بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری کے عمل کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت
اسلام آباد۔9جون (اے پی پی):وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری کے عمل کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ خسارے کا شکار ریاستی ملکیتی اداروں کی نجکاری حکومت کی ترجیح ہے، تمام عمل انتہائی شفاف طریقے سے مکمل کیا جائے۔ وہ منگل کو یہاں اپنی زیر صدارت بجلی تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکوز) کی نجکاری کے حوالے سے جائزہ اجلاسں سے خطاب کر رہے تھے۔ اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار ، وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر احمد تارڑ ، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ ، وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب ، وفاقی وزیر پاور ڈویژن سردار اویس لغاری ، مشیر وزیر اعظم برائے نجکاری محمد علی، وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔
وزیر اعظم نے کہا کہ خسارے کا شکار ریاستی ملکیتی اداروں کی نجکاری ہماری ترجیح ہے۔ انہوں نے بجلی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری کے عمل کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ نجکاری کے تمام عمل کو انتہائی شفاف طریقے سے مکمل کیا جائے۔ انہوں نے ڈسکوز کی نجکاری کے بعدمضبوط ریگولیٹری فریم ورک بنانے کی بھی ہدایت کی ۔ اجلاس میں ڈسکوز کی نجکاری کے حوالےسے سے پیشرفت پر بریفنگ دی گئی جس کے مطابق پہلے فیز میں اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی، گوجرانوالہ الیکٹرک پاور کمپنی اور فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی کی نجکاری کی جائے گی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ ان تین ڈسکوز کی نجکاری کے حوالے سے ایکسپریشن آف انٹرسٹ ملکی و بین الاقوامی اخبارات میں دیا جا چکا ہے اور کابینہ کی نجکاری کمیٹی نے ان تین ڈسکوز کی نجکاری کے حوالےسے ٹرانزیکشن سٹرکچر کی منظوری بھی دے دی ہے۔ بریفنگ کے مطابق سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کے لئے روڈ شو اس ماہ سے منعقد کئے جا رہے ہیں، سعودی عرب ، ترکیہ اور چین کے سرمایہ کاروں کے لئے بین الاقوامی سطح پر بھی روڈ شوز منعقد کئے جارہے ہیں۔









