آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کےلئے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا مرحلہ شروع ہوگیا ہے
آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کےلئے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا مرحلہ شروع

مزید خبریں
اسلام آباد۔9جون (اے پی پی):آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کےلئے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا مرحلہ شروع ہوگیا ہے جو19 جون تک جاری رہے گا۔الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری شیڈول کے مطابق آزاد کشمیرمیں عام انتخابات کےلئے پولنگ 27 جولائی کو ہوگی ۔ شیڈول کے مطابق ریٹرننگ افسران کے پاس کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا سلسلہ منگل سے شروع ہوگیا ہے جو 19 جون سہ پہر 4بجے تک جاری رہے گا جبکہ امیدواروں کی ابتدائی فہرست 20 جون کو جاری کی جائے گی۔ امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی منظوری یا مسترد کئے جانے کے خلاف اپیلیں 21 سے 24 جون تک الیکشن کمیشن سیکرٹریٹ مظفرآباد میں جمع کرائی جاسکیں گی جبکہ ان کی سماعت 26 اور27 جون کو دفتری اوقات کار میں ہوگی۔ ان اپیلوں پر فیصلے 28 اور29 جون کو ہوں گے۔ کاغذات نامزدگی 30 جون کو واپس لئے جاسکیں گے جبکہ امیدواروں کی فہرست یکم جولائی اور انتخابی نشانات کی الاٹمنٹ 2 جولائی کو ہوگی جبکہ اسی روز امیدواروں کی حتمی فہرست بھی جاری کی جائے گی جبکہ پولنگ 27 جولائی کو صبح 8 سے شام 5 بجے تک ہوگی۔








