وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر کابینہ کمیٹی برائے امن و امان کا محرم الحرام کے دوران سکیورٹی انتظامات کے جائزہ بارے اجلاس کمشنر آفس ڈیرہ غازی خان میں منعقد ہوا۔
ڈیرہ غازی خان ،کابینہ کمیٹی برائے امن و امان کا محرم الحرام کے حوالے سے سکیورٹی انتظامات کےجائزہ بارے اجلاس

مزید خبریں
ڈیرہ غازی خان ۔ 09 جون (اے پی پی):وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر کابینہ کمیٹی برائے امن و امان کا محرم الحرام کے دوران سکیورٹی انتظامات کے جائزہ بارے اجلاس کمشنر آفس ڈیرہ غازی خان میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں صوبائی وزیر صحت و چیئرمین کابینہ کمیٹی خواجہ سلمان رفیق، صوبائی وزیر بلال یاسین،صوبائی وزیر سید عاشق حسین کرمانی، سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی، ایڈیشنل آئی جی ساؤتھ پنجاب محمد کامران خان، ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی وسیم سیال سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔اجلاس میں ریجنل پولیس آفیسر ڈیرہ غازی خان محمد اظہر اکرم اور کمشنر ڈیرہ غازی خان ڈویژن اشفاق احمد چوہدری نے محرم الحرام کے دوران سکیورٹی اقدامات، انتظامی تیاریوں اور امن و امان کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ ڈیرہ غازی خان ڈویژن میں محرم الحرام کے دوران 1396 جلوس اور 4505 مجالس منعقد ہوں گی جن کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ امن و امان کے قیام کے لیے 197 مقررین و ذاکرین کی ضلع بندی جبکہ 106 افراد کی زباں بندی کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔ مزید برآں 264 افراد کو فورتھ شیڈول میں شامل کیا گیا ہے۔اجلاس کو بتایا گیا کہ ڈویژن بھر میں 4746 مساجد، 607 امام بارگاہوں اور 2570 مدارس کے لیے جامع سکیورٹی پلان مرتب کیا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ پولیس کی معاونت کے لیے پاک فوج کی 7 اور رینجرز کی 9 کمپنیاں بھی تعینات کی جائیں گی۔اس موقع پر خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران سکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات یقینی بنائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے تمام مکاتب فکر کے علماء کرام، امن کمیٹیوں اور عوام سے اپیل کی کہ وہ مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ محرم الحرام کو پرامن انداز میں گزارنے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان بروقت انٹیلی جنس شیئرنگ اور محکمہ داخلہ کے ایس او پیز پر من و عن عملدرآمد کی بھی ہدایت کی۔صوبائی وزیر بلال یاسین نے کہا کہ پنجاب بھر میں امن کمیٹیاں فعال اور مثبت کردار ادا کر رہی ہیں جبکہ ائمہ مساجد معاشرے میں پیغام امن عام کرنے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ بھر میں ڈرون اڑانے پر دفعہ 144 نافذ ہے اور اس پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔اس موقع پر صوبائی وزیر سید عاشق حسین کرمانی نے ہدایت کی کہ جلوسوں اور مجالس کی مانیٹرنگ کے لیے سیف سٹی نیٹ ورک کا موثر استعمال کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ مجالس اور جلوسوں کے انتظامات کے لیے تعینات رضاکاروں کی تربیت لازمی ہے اور سکیورٹی کو موثر بنانے کے لیے بجلی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جائے۔اجلاس میں سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے کہا کہ تمام اضلاع اپنے سائبر پٹرولنگ سیلز کو فعال رکھیں جبکہ محکمہ داخلہ پنجاب میں قائم مرکزی کنٹرول روم صوبہ بھر سے مسلسل رپورٹس موصول کر رہا ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ جلوسوں اور مجالس کے اختتام تک ڈیوٹی پر تعینات عملہ اپنی ذمہ داریاں پوری مستعدی سے انجام دے۔اجلاس میں ڈیرہ غازی خان، لیہ، مظفرگڑھ، کوٹ ادو اور راجن پور کے ڈپٹی کمشنرز اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسرز نے شرکت کی اور اپنے اپنے اضلاع میں محرم الحرام کے سکیورٹی و انتظامی انتظامات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔








