گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سےالشفا ٹرسٹ آئی ہسپتال کے صدر میجر جنرل (ر) رحمت خان نے اسلام آباد میں ملاقات کی،
گورنر خیبرپختونخوا سے صدر الشفا ٹرسٹ آئی ہسپتال کی ملاقات،معیاری اور جدید علاج کی سہولیات کی فراہمی پر تبادلہ خیال

مزید خبریں
اسلام آباد۔9جون (اے پی پی):گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سےالشفا ٹرسٹ آئی ہسپتال کے صدر میجر جنرل (ر) رحمت خان نے اسلام آباد میں ملاقات کی،جس میں خیبرپختونخوا میں آنکھوں کے معیاری اور جدید علاج کی سہولیات کی فراہمی، نابینا پن کی روک تھام اوربالخصوص پشاور میں الشفا آئی ہسپتال کے قیام سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ منگل کو گورنر آفس سے جاری بیان کے مطابق اس موقع پر جنرل (ر) رحمت خان نے گورنر کو الشفا ٹرسٹ کی خدمات اور مستقبل کے منصوبوں سے آگاہ کیا۔ گورنر خیبرپختونخوا نے صوبے میں آنکھوں کے امراض کے علاج کے لیے جدید طبی سہولیات کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پشاور میں الشفا آئی ہسپتال کا قیام صوبے کے عوام خصوصاً دور دراز علاقوں کےمریضوں کے لیے ایک اہم پیش رفت ثابت ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی ہسپتال کے ایک یونٹ کا قیام ضروری ہے تاکہ جنوبی اضلاع کے غریب افراد کو ان کی دہلیز پر بنیادی اور ضروری طبی سہولیات میسر ہوں۔انہوں نے صوبے میں صحت کے شعبے میں سرمایہ کاری اور عوامی فلاح کے منصوبوں کا خیر مقدم کرتے ہوئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔جنرل (ر) رحمت خان نے بتایا کہ الشفا ٹرسٹ 1985 میں قائم ہونے والا ایک غیر سرکاری اور فلاحی ادارہ ہے جو ملک بھر میں آنکھوں کے علاج، تربیت، تحقیق اورکمیونٹی آئی کیئر کے شعبوں میں خدمات انجام دے رہا ہے۔ادارے کے تحت راولپنڈی، سکھر، کوہاٹ، مظفرآباد، چکوال اور گلگت سمیت متعدد آئی ہسپتال کام کر رہے ہیں جبکہ ہزاروں مستحق مریضوں کو مفت یا رعایتی علاج فراہم کیا جاتا ہے۔ ملاقات میں ڈیرہ اسماعیل خان اور پشاور میں مجوزہ الشفا آئی ہسپتال کے قیام کے حوالہ سے متعدد پہلوؤں کا بھی جائزہ لیا گیا۔اس موقع پیسکو بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین حمایت اللہ خان بھی ان کے ہمراہ تھے۔








