پاکستان گلوبل فنڈ کے ساتھ اپنی شراکت داری کو بہت قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، وزیراعظم محمد شہباز شریف کی گلوبل فنڈ کے وفد سے ملاقات میں گفتگو

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ترقی پذیر دنیا میں صحت عامہ کو بہتر بنانے میں گلوبل فنڈ کے نمایاں کردار اور تعاون کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان گلوبل فنڈ کے ساتھ اپنی شراکت داری کو بہت قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ وہ گلوبل فنڈ کے وفد سے گفتگو کر رہے تھے

اسلام آباد۔9جون (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ترقی پذیر دنیا میں صحت عامہ کو بہتر بنانے میں گلوبل فنڈ کے نمایاں کردار اور تعاون کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان گلوبل فنڈ کے ساتھ اپنی شراکت داری کو بہت قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ وہ گلوبل فنڈ کے وفد سے گفتگو کر رہے تھے جس نے منگل کو یہاں ان سے ملاقات کی۔ وفد کی قیادت گلوبل فنڈ کے گرانٹ مینجمنٹ ڈویژن کے مارک ایڈینگٹن کر رہے تھے جبکہ دیگر اراکین میں سینئر پورٹفولیو مینجر ازیسکن گویریا اور ڈپٹی جنرل قونصلر نتاشا ہیفنک شامل تھیں۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے وفد کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان گلوبل فنڈ کے ساتھ اپنی شراکت داری کو بہت قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، ترقی پذیر دنیا میں صحت عامہ کو بہتر بنانے میں گلوبل فنڈ کے نمایاں کردار اور تعاون کو سراہتے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں ہیلتھ کیئر کے نظام کی بہتری میں گلوبل فنڈ پاکستان کا انتہائی اہم شراکت دار ہے ، حکومت ملک سے ٹی بی، ایچ آئی وی اور ملیریا کے پھیلائو کے خاتمے کے لئے پرعزم ہے اور اس حوالے سے بھرپور کوششیں کر رہی ہے ۔ وزیراعظم نے وفد سے مخاطب ہوکر کہا کہ آپ کی شراکت داری سے پاکستان سے ایچ آئی وی، تپ دق اور ملیریا کے خاتمے کے لیے ہماری کوششوں کو تقویت مل رہی ہے۔ وزیراعظم نے ایچ آئی وی وائرس کی روک تھام کے حوالے سے حکومت پاکستان اور گلوبل فنڈ کا جوائنٹ ورکنگ گروپ بنانے کی ہدایت کی۔ وزارت قومی صحت کے حکام نے وفد کو پاکستان میں ٹی بی، ایچ آئی وی اور ملیریا کی روک تھام کی حوالے سے حکومتی کوششوں سے آگاہ کیا۔ وفد نے پاکستان میں میزبانی پر حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔ وفد نے تپ دق، ایچ آئی وی اور ملیریا کے خاتمے کے لئے حکومت پاکستان کے اقدامات کو سراہا اور ان امراض کے خاتمے کے لئے پاکستان کے لئے اپنی شراکت داری کا اعادہ کیا۔

ملاقات میں وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال ، وفاقی وزیر قومی صحت سید مصطفیٰ کمال ، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ ، وزیر اعظم کی فوکل پرسن برائے انسداد پولیو عائشہ رضا فاروق اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران بھی موجود تھے۔

مزید خبریں