ایما راڈوکانو کی گراس کورٹ سیزن میں شاندار واپسی، کوئینز کلب ٹینس ویمنز سنگلز دوسرے رائونڈ میں داخل

انگلینڈ کی نمبر ون ٹینس کھلاڑی ایما راڈوکانو نے کوئینز کلب ٹینس ٹورنامنٹ کے پہلے راؤنڈ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دوسرے رائونڈ میں پہنچ گئیں۔

لندن۔10جون (اے پی پی):انگلینڈ کی نمبر ون ٹینس کھلاڑی ایما راڈوکانو نے کوئینز کلب ٹینس ٹورنامنٹ کے پہلے راؤنڈ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دوسرے رائونڈ میں پہنچ گئیں۔ ای ایس پی این کے مطابق 23 سالہ برطانوی ٹینس سٹار نے خواتین کے سنگلز مقابلوں کے ابتدائی رائونڈ میچ میں روس کی کوالیفائر کھلاڑی اینا بلنکووا کو سٹریٹ سیٹس میں شکست دے کر گراس کورٹ سیزن کا فاتحانہ آغاز کر دیا ہے۔ وائرل بیماری کے باعث دو ماہ تک ٹینس کورٹ سے دور رہنے والی 23 سالہ برطانوی کھلاڑی کی 6 مارچ کے بعد یہ پہلی کامیابی ہے، جہاں انہوں نے ہوم گراؤنڈ پر مقامی شائقین کے سامنے بہترین کھیل پیش کیا۔ ڈبلیو ٹی اے کوئینز کلب ٹینس کے کانٹے دار مقابلوں کا سلسلہ انگلینڈ کے دارالحکومت لندن کے کوئینز کلب میں شروع ہو چکا ہے جس میں شائقین ٹینس کو انتہائی دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے دیکھنے کا موقع ملے گا ۔سال 2021 کی یو ایس اوپن چیمپئن راڈوکانو نے میچ کے آغاز میں زبردست گرفت برقرار رکھی اور صرف 20 منٹ میں پہلا سیٹ 0-6سے اپنے نام کیا اور دوسرے سیٹ میں 3-6 سے کامیابی کے ساتھ پہلا میچ جیت لیا۔ ایما راڈوکانو کا دوسرے راؤنڈ میں مقابلہ رومانیہ کی سیونتھ سیڈ سورانا کرسٹیا سے ہوگا۔

مزید خبریں