وزیر خزانہ کے مشیر خرم شہزاد نے کہا ہے کہ پاکستان کو مئی 2026 کے دوران بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے 4.25 ارب ڈالر کی ترسیلاتِ زر موصول ہوئیں جو ملکی تاریخ میں ایک ماہ کے دوران موصول ہونے والی سب سے زیادہ رقم ہے
بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے مئی 2026 کے دوران ملک کو 4.25 ارب ڈالر کی ترسیلاتِ زر موصول ہوئیں ، خرم شہزاد

مزید خبریں
اسلام آباد۔10جون (اے پی پی):وزیر خزانہ کے مشیر خرم شہزاد نے کہا ہے کہ پاکستان کو مئی 2026 کے دوران بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے 4.25 ارب ڈالر کی ترسیلاتِ زر موصول ہوئیں جو ملکی تاریخ میں ایک ماہ کے دوران موصول ہونے والی سب سے زیادہ رقم ہے۔ایکس پراپنے پیغام انہوں نے کہا کہ مئی میں ترسیلاتِ زر میں ماہانہ بنیاد پر 20 فیصد سے زائد جبکہ سالانہ بنیاد پر 15 فیصد سے زیادہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ یہ نمایاں اضافہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کے اعتماد اور ملکی معیشت سے ان کی مضبوط وابستگی کا مظہر قرار دیا جا رہا ہے۔خرم شہزاد کے مطابق مالی سال26۔2025کے پہلے گیارہ ماہ، یعنی جولائی تا مئی کے دوران مجموعی ترسیلاتِ زر 38.1 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 9 فیصد زیادہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ ترسیلاتِ زر میں مسلسل اضافہ پاکستان کے زرمبادلہ ذخائر، بیرونی کھاتوں کے استحکام اور مجموعی معاشی لچک کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر موجودہ رفتار برقرار رہی تو مالی سال26۔2025کے اختتام تک ترسیلاتِ زر 41 ارب ڈالر سے تجاوز کر سکتی ہیں، جو ایک نئی تاریخی کامیابی ہوگی۔انہوں نے کہا کہ ترسیلاتِ زر میں ریکارڈ اضافہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کے اعتماد کا اظہار ہے اور یہ پیش رفت ملکی معیشت کے لیے حوصلہ افزا اشارہ سمجھی جا رہی ہے۔








