سیالکوٹ صارفین کو درپیش مسائل کے فوری اور مؤثر حل کے لیے گیپکو کی جانب سے آن لائن کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا،
سیالکوٹ، گیپکو کی آن لائن کھلی کچہری کا انعقاد

مزید خبریں
سیالکوٹ۔ 10 جون (اے پی پی):سیالکوٹ صارفین کو درپیش مسائل کے فوری اور مؤثر حل کے لیے گیپکو کی جانب سے آن لائن کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا، جس میں شہریوں کی بڑی تعداد نے بھرپور شرکت کی۔ سپریٹنڈنٹ انجینئر گیپکو سرکل سیالکوٹ، انجینئر سردار جمشید خان نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم فیسبک کے ذریعے براہِ راست کھلی کچہری کا انعقاد کیا، جہاں انہوں نے صارفین کی شکایات خود سُنیں اور موقع پر ہی احکامات جاری کیے۔ کھلی کچہری کے دوران شہریوں نے اوور بلنگ، کم وولٹیج، لوڈشیڈنگ اور میٹرز سے متعلق مختلف مسائل پیش کیے، جن پر فوری کارروائی کرتے ہوئے متعلقہ افسران کو ہدایات جاری کی گئیں۔ متعدد شکایات کو موقع پر ہی حل کر دیا گیا جبکہ باقی مسائل کے جلد ازالے کی یقین دہانی کروائی گئی۔ اس موقع پر انجینئر سردار جمشید خان نے کہا کہ صارفین کو بروقت ریلیف فراہم کرنا گیپکو کی اولین ترجیح ہے، اور جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے عوام اور ادارے کے درمیان فاصلے کم کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ آن لائن کھلی کچہری جیسے اقدامات سے نہ صرف شفافیت میں اضافہ ہوتا ہے بلکہ عوام کا اعتماد بھی بحال ہوتا ہے۔ اس آن لائن سیشن کا مقصد شہریوں کو گھر بیٹھے اپنی شکایات پیش کرنے اور فوری حل حاصل کرنے کا موقع ملا، جسے عوامی حلقوں کی جانب سے بھرپور سراہا گیا۔ عوام نے امید ظاہر کی کہ گیپکو آئندہ بھی اسی طرح کے اقدامات جاری رکھے گا تاکہ صارفین کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جا سکیں۔








