پیپلز پارٹی کے سابق سینیٹر اور پاپولر گروپ آف انڈسٹریز کے چیئرمین ملک امام الدین شوقین نے کہا ہے کہ پی پی پی عوامی خدمت کے جذبے کے ساتھ شہری و دیہی علاقوں کی ترقی کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے
پیپلز پارٹی عوامی خدمت کے جذبے کے ساتھ شہری و دیہی علاقوں کی ترقی کے لیے اقدامات کر رہی ہے، امام الدین شوقین

مزید خبریں
حیدرآباد۔ 10 جون (اے پی پی):پیپلز پارٹی کے سابق سینیٹر اور پاپولر گروپ آف انڈسٹریز کے چیئرمین ملک امام الدین شوقین نے کہا ہے کہ پی پی پی عوامی خدمت کے جذبے کے ساتھ شہری و دیہی علاقوں کی ترقی کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے، سندہ، خیبرپختونخواہ، پنجاب اور بلوچستان کے بعد اب گلگت بلتستان کے عوام نے بھی اس پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے یہ بات ٹنڈوآدم میں ترقیاتی عمل کے تسلسل کے تحت بنگلا روڈ کے اہم منصوبے کا افتتاح کرنے کے بعد میڈیا سے بات چیت کے دوران کہی۔ تقریب میں چیئرمین میونسپل کمیٹی ٹنڈوآدم غلام مرتضیٰ جونیجو، چیف میونسپل آفیسر ملک عبدالحمید سمیت میونسپل کمیٹی کے کونسلرز اور دیگر ذمہ داران نے شرکت کی۔ ملک امام الدین شوقین نے کہا کہ بنگلا روڈ کی تعمیر دیرینہ عوامی مطالبہ تھا جس کی تکمیل سے نہ صرف آمدورفت میں آسانی پیدا ہوگی بلکہ علاقے کی معاشی و تجارتی سرگرمیوں میں بھی نمایاں اضافہ ہوگا۔
چیئرمین میونسپل کمیٹی غلام مرتضیٰ جونیجو نے کہا کہ سہولیات کی فراہمی اور شہر کی خوبصورتی ان کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ محدود وسائل کے باوجود میونسپل کمیٹی شہر میں ترقیاتی کاموں، صفائی ستھرائی، نکاسیٔ آب اور سٹریٹ لائٹس کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے مسلسل کوشاں ہے۔ دیگر مقررین نے کہا کہ ترقیاتی منصوبے کسی بھی شہر کی سماجی و معاشی ترقی میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں، بنگلا روڈ کی بحالی سے ٹریفک کے مسائل میں کمی اور شہریوں کو بہتر و محفوظ سفری سہولیات حاصل ہوں گی۔ شہریوں نے منتخب نمائندوں اور انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے منصوبے کی بروقت تکمیل کو خوش آئند قرار دیا۔








