سٹیٹ بینک آف پاکستان نے ملک بھر میں ’’ڈیجیٹل ادائیگی کی خدمات پر صارف کے تجربے‘‘ کے موضوع پر ایک جامع سروے شروع کر دیا ہے، جس کا مقصد صارفین سے براہِ راست آرا اور تجاویز حاصل کرنا ہے
سٹیٹ بینک نے ڈیجیٹل ادائیگیوں سے متعلق ملک گیر سروے کا آغاز کر دیا

مزید خبریں
اسلام آباد۔10جون (اے پی پی):سٹیٹ بینک آف پاکستان نے ملک بھر میں ’’ڈیجیٹل ادائیگی کی خدمات پر صارف کے تجربے‘‘ کے موضوع پر ایک جامع سروے شروع کر دیا ہے، جس کا مقصد صارفین سے براہِ راست آرا اور تجاویز حاصل کرنا ہے تاکہ ڈیجیٹل ادائیگیوں کے نظام کو مزید مؤثر اور صارف دوست بنایا جا سکے۔سٹیٹ بینک کے مطابق گزشتہ چند برسوں کے دوران محفوظ، قابلِ اعتماد اور جامع ڈیجیٹل ادائیگیوں کے فروغ کے لیے متعدد پالیسی اور ریگولیٹری اقدامات کیے گئے، جن کے نتیجے میں موبائل بینکاری ایپس، ڈیجیٹل والٹس، کارڈز، راست اور انٹر بینک فنڈ ٹرانسفر (آئی بی ایف ٹی) کے ذریعے ادائیگیوں میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔مرکزی بینک کا کہنا ہے کہ ڈیجیٹل ادائیگیوں کے بڑھتے ہوئے استعمال کے پیشِ نظر صارفین کے تجربات، توقعات اور مسائل کو سمجھنا ضروری ہے۔
سروے کے ذریعے خدمات کے معیار، استعمال میں آسانی، ٹرانزیکشنز پر اعتماد، شکایات کے ازالے کے نظام، دھوکہ دہی سے متعلق خدشات اور مجموعی صارف تجربے سے متعلق معلومات جمع کی جائیں گی۔سٹیٹ بینک کے مطابق سروے متعلقہ اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بعد تیار کیا گیا ہے اور اس کے نتائج ڈیجیٹل ادائیگیوں کے نظام میں تحفظ، سہولت، رسائی اور اعتماد کو مزید بہتر بنانے کے لیے پالیسی سازی میں معاون ثابت ہوں گے۔ بینک نے ڈیجیٹل ادائیگی کی خدمات استعمال کرنے والے تمام صارفین سے اپیل کی ہے کہ وہ سروے میں حصہ لے کر اپنی قیمتی آرا اور تجاویز فراہم کریں تاکہ پاکستان میں ایک زیادہ مؤثر، صارف دوست اور ڈیجیٹل طور پر با اختیار مالیاتی نظام کی تشکیل میں مدد مل سکے۔سٹیٹ بینک کے مطابق یہ سروے 10 جولائی 2026 تک جاری رہے گا۔
سروے میں شرکت کے لیے صارفین اسٹیٹ بینک کی سرکاری ویب سائٹ پر دستیاب لنک کے ذریعے رسائی حاصل کر سکتے ہیں۔یہ سروے متعلقہ اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بعد تیار کیا گیا ہے اور پاکستان کے ڈجیٹل مالی نظام کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اسٹیٹ بینک کے مشاہدات پر مبنی وسیع تر نقطۂ نظر کا حصہ ہے۔ اس سروے کے نتائج اسٹیٹ بینک کو ڈجیٹل ادائیگی کی خدمات کے تحفظ، سہولت، رسائی اور ان کے قابلِ اعتماد ہونے کے حوالے سے مزید بہتری کے مواقع کی نشاندہی کرنے میں مدد فراہم کریں گے۔سروے تک درج ذیل آفیشل لنک کے ذریعے رسائی حاصل کی جا سکتی ہے:https://surveyctosbp.surveycto.com/collect/survey_digital_payment_servicesیہ سروے 10 جولائی 2026ء تک قابلِ رسائی رہے گا۔








