فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہاؤسنگ اتھارٹی (ایف جی ای ایچ اے) اور یونائیٹڈ بینک لمیٹڈ (یو بی ایل) کے درمیان ہاؤسنگ سیکٹر میں جدید مالیاتی سہولیات کی فراہمی اور باہمی تعاون کے فروغ کے لیے مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کیے گئے۔
فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہاؤسنگ اتھارٹی اور یونائیٹڈ بینک لمیٹڈ کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط

مزید خبریں
اسلام آباد۔10جون (اے پی پی):فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہاؤسنگ اتھارٹی (ایف جی ای ایچ اے) اور یونائیٹڈ بینک لمیٹڈ (یو بی ایل) کے درمیان ہاؤسنگ سیکٹر میں جدید مالیاتی سہولیات کی فراہمی اور باہمی تعاون کے فروغ کے لیے مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کیے گئے۔ایف جی ای ایچ اے کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق تقریب میں اتھارٹی کے چیف انجینئر، ڈائریکٹر ایڈمن تنویر حیدر کھوکھر، ڈائریکٹر فنانس، ڈائریکٹر امپلیمنٹیشن و ڈائریکٹر سٹاف فیض عمر سیال سمیت دیگر اعلیٰ افسران جبکہ یو بی ایل کے سینئر عہدیداران نے شرکت کی۔ مفاہمتی یادداشت پر دونوں اداروں کے مجاز نمائندگان نے دستخط کیے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ یہ شراکت داری سرکاری ملازمین کو جدید بینکاری سہولیات، آسان مالیاتی حل اور ہاؤسنگ منصوبوں سے متعلق خدمات کی فراہمی میں معاون ثابت ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ اس تعاون کے ذریعے دونوں ادارے عوامی خدمت کے معیار کو مزید بہتر بنانے اور صارفین کو مؤثر اور سہل خدمات فراہم کرنے کے لیے مشترکہ طور پر کام کریں گے۔ایف جی ای ایچ اے کے نمائندگان نے اس موقع پر کہا کہ اتھارٹی اپنے ملازمین، ممبران اور الاٹیز کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے مختلف مالیاتی اداروں کے ساتھ تعاون کو فروغ دے رہی ہے۔ یو بی ایل کے عہدیداران نے اس شراکت داری کو مثبت پیش رفت قرار دیتے ہوئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔تقریب کے اختتام پر دونوں اداروں کے نمائندگان نے باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا اور مستقبل میں تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔







