نیشنل یونیورسٹی آف ماڈرن لینگویجز کے شعبہ ریاضی کے زیر اہتمام ریاضی کے حالیہ رجحانات پر قومی کانفرنس (این سی آر ڈی ایم 2026) کا کامیاب انعقاد کیا گیا جس کا موضوع ’’کمپیوٹیشنل میتھمیٹکس اور مصنوعی ذہانت کے نئے افق‘‘ تھا۔
نیشنل یونیورسٹی آف ماڈرن لینگویجز میں ریاضی کے حالیہ رجحانات پر قومی کانفرنس کا انعقاد،ملکی اور غیرملکی ماہرین کی شرکت

مزید خبریں
اسلام آباد۔10جون (اے پی پی):نیشنل یونیورسٹی آف ماڈرن لینگویجز کے شعبہ ریاضی کے زیر اہتمام ریاضی کے حالیہ رجحانات پر قومی کانفرنس (این سی آر ڈی ایم 2026) کا کامیاب انعقاد کیا گیا جس کا موضوع ’’کمپیوٹیشنل میتھمیٹکس اور مصنوعی ذہانت کے نئے افق‘‘ تھا۔ کانفرنس میں پاکستان اور بیرون ملک سے ممتاز ماہرین تعلیم، محققین اور دانشوروں نے شرکت کی اور ریاضی، مصنوعی ذہانت (اے آئی) اور بین الشعبہ جاتی سائنسی تحقیق میں ہونے والی حالیہ پیش رفت اور ابھرتے ہوئے رجحانات پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ کانفرنس میں معروف ماہرین نے کلیدی خطابات پیش کیے جن میں پروفیسر ڈاکٹر اصغر قادر (پاکستان اکیڈمی آف سائنسز)، ڈاکٹر اسجد شہزاد (نیشنل یونیورسٹی آف سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی -نسٹ)، ڈاکٹر طاہر محمود (انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی اسلام آباد)، پروفیسر ڈاکٹر آصف حنیف (سکاریا یونیورسٹی، ترکیہ) اور ڈاکٹر ذیشان اصغر (پرنس سلطان یونیورسٹی، سعودی عرب) شامل تھے۔
مقررین نے کمپیوٹیشنل ریاضی اور مصنوعی ذہانت کے میدان میں جدید پیش رفت، درپیش چیلنجز اور مستقبل کے امکانات پر روشنی ڈالی جبکہ سائنسی اور تکنیکی مسائل کے حل میں ریاضی کے بڑھتے ہوئے کردار کو بھی اجاگر کیا۔ تقریب کے مہمان خصوصی پروفیسر ڈاکٹر محمد آفتاب رفیق تھے۔ اپنے خطاب میں انہوں نے ریاضی کی بطور بنیادی علمی شعبے اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ یہ علم ہر دور میں سائنسی جدت اور تکنیکی ترقی کا محرک رہا ہے۔ انہوں نے شعبہ ریاضی کی کاوشوں کو سراہا اور علمی مکالمے اور تحقیق کے فروغ کے لیے ایسے پلیٹ فارمز کی اہمیت پر زور دیا۔ کانفرنس میں قومی و بین الاقوامی جامعات اور اداروں کے نمائندگان نے شرکت کی جن میں سمرقند انٹرنیشنل یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی (ازبکستان)، یونیورسٹی آف وائکاٹو (نیوزی لینڈ)، چوژیونگ نارمل یونیورسٹی (چین)، قائداعظم یونیورسٹی، انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی اسلام آباد،
نیشنل یونیورسٹی آف سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی (نسٹ)، فاسٹ نیشنل یونیورسٹی، فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی، یونیورسٹی آف ایگریکلچر فیصل آباد، یونیورسٹی آف گجرات، اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور، یونیورسٹی آف لاہور، عبدالولی خان یونیورسٹی خیبرپختونخوا اور نمل شامل ہیں۔ مختلف قومی و بین الاقوامی جامعات سے تعلق رکھنے والے 37 شرکا نے کانفرنس میں بھرپور شرکت کی اور تحقیقی مقالات، علمی مباحثوں اور فکری تبادلہ خیال کے ذریعے باہمی تعاون اور نئے تحقیقی امکانات کو فروغ دیا۔








