صوبائی وزیر خزانہ میر شعیب نوشیروانی سے سیکرٹری خزانہ جہانگیر کاکڑ کی ملاقات، بجٹ تیاریوں کی پیش رفت اور مختلف مالی امور سے متعلق بریفنگ

صوبائی وزیر خزانہ میر شعیب نوشیروانی سے سیکرٹری خزانہ جہانگیر کاکڑ کی ملاقات، بجٹ تیاریوں کی پیش رفت اور مختلف مالی امور سے متعلق بریفنگ

کوئٹہ۔ 10 جون (اے پی پی):صوبائی وزیر خزانہ ومعدنیات میر شعیب نوشیروانی سے سیکرٹری خزانہ جہانگیر کاکڑ نے ملاقات کی، آئندہ مالی سال 2026ـ27 کے بجٹ کی تیاریوں اور مالی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ملاقات کے دوران آنے والے مالی سال کے بجٹ کی ترجیحات، ترقیاتی منصوبوں اور مختلف شعبوں کی ضروریات کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ مالی سال 2026ـ27 کے بجٹ میں ترقیاتی شعبے کو مزید مستحکم بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کئے جائیں گے تاکہ صوبے میں ترقی کا عمل تیز ہو اور عوام کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

میر شعیب نوشیروانی نے کہا کہ تعلیم اور صحت کے شعبوں پر خصوصی توجہ دی جائے گی اور ان شعبوں کے لیے وسائل کی فراہمی کو ترجیح دی جائے گی تاکہ عوام کو معیاری تعلیم اور علاج معالجہ کے لیے جدید سہولیات میسر آ سکیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت انسانی ترقی اور عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کو مزید مؤثر بنانے کے لیے اقدامات جاری رکھے گی۔اس موقع پر مالی نظم وضبط اور کفایت شعاری کی پالیسی پر بھی خصوصی گفتگو کی گئی۔ اس پر اتفاق کیا گیا کہ غیر ضروری اخراجات میں کمی لانا اور دستیاب وسائل کو ترجیحی بنیادوں پر ترقیاتی اور عوامی فلاحی منصوبوں کے لیے مختص کیا جائے گا۔

سیکرٹری خزانہ جہانگیر کاکڑ نے صوبائی وزیر خزانہ کو بجٹ تیاریوں کی پیش رفت اور مختلف مالی امور سے متعلق بریفنگ دی۔ ملاقات میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ مالی سال 2026ـ27 کا بجٹ عوامی ضروریات، ترقیاتی ترجیحات اور مالی نظم و ضبط کو مدنظر رکھتے ہوئے مالی استحکام کی فروغ کے لئے انقلابی اقدامات اٹھانا ضروری ہے تاکہ صوبے کی پائیدار ترقی اور روشن مستقبل کی اہداف حاصل کیے جا سکیں۔