صوبائی وزیر صحت خلیق الرحمن کی زیر صدارت خیبر پختونخوا کے تمام ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرز کا اہم جائزہ اجلاس

صوبائی وزیر صحت خلیق الرحمن کی زیر صدارت خیبر پختونخوا کے تمام اضلاع کے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرز (ڈی ایچ اوز) کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا ۔

پشاور۔ 10 جون (اے پی پی):صوبائی وزیر صحت خلیق الرحمن کی زیر صدارت خیبر پختونخوا کے تمام اضلاع کے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرز (ڈی ایچ اوز) کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا ۔

محکمہ صحت خیبرپختونخوا تر جمان کے مطابق اجلاس میں صوبے بھر میں بنیادی اور ثانوی صحت کی سہولیات کی مجموعی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں سیکرٹری صحت شاہد اللہ خان، ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز ڈاکٹر شاہین آفریدی اور محکمہ صحت کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔اجلاس کا مقصد صوبے میں جاری صحت اصلاحات کی پیش رفت کا جائزہ لینا اور عوام کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کے معیار کو مزید بہتر بنانا تھا۔ اجلاس کے دوران تمام اضلاع کے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرز نے اپنے اپنے اضلاع میں صحت کی سہولیات، طبی عملے کی دستیابی، بنیادی مراکز صحت، دیہی مراکز صحت، ضلعی ہسپتالوں کی کارکردگی، حفاظتی ٹیکہ جات، ماں اور بچے کی صحت، بیماریوں کی نگرانی اور درپیش چیلنجز کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔اجلاس میں صحت کے مختلف اشاریوں، طبی وسائل کے مؤثر استعمال، ادویات کی دستیابی، مریضوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات اور دور دراز علاقوں میں صحت خدمات کی فراہمی سے متعلق امور کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر صوبے میں جاری صحت اصلاحات اور عوامی فلاح کے منصوبوں پر ہونے والی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا گیا جبکہ مزید بہتری کے لیے ضروری ہدایات بھی جاری کی گئیں۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر صحت خلیق الرحمن نے کہا کہ عوام کو معیاری اور بروقت طبی سہولیات کی فراہمی صوبائی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ صحت کے شعبے میں جاری اصلاحات کے ثمرات صوبے کے ہر شہری تک پہنچانے کے لیے تمام ضلعی انتظامیہ اور محکمہ صحت کے افسران کو اپنی ذمہ داریاں مزید موثر انداز میں ادا کرنا ہوں گی۔صوبائی وزیر صحت نے تمام ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرز کو ہدایت کی کہ وہ اپنے اضلاع میں صحت مراکز کی کارکردگی کی مسلسل نگرانی کو یقینی بنائیں، عوامی شکایات کے بروقت ازالے پر توجہ دیں اور مریضوں کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ غفلت، بدانتظامی اور ناقص کارکردگی کے حوالے سے کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی اور احتساب کے نظام کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔خلیق الرحمن نے کہا کہ حکومت خیبر پختونخوا صحت کے شعبے میں اصلاحات کے ایجنڈے کو مزید تیز رفتاری سے آگے بڑھانے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ صحت کے مراکز میں سہولیات کی بہتری، جدید طبی آلات کی فراہمی، انسانی وسائل کی استعداد کار میں اضافہ اور عوام کو بہتر، باوقار اور مریض دوست طبی خدمات کی فراہمی کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں ۔سیکرٹری صحت شاہد اللہ خان اور ڈی جی ہیلتھ ڈاکٹر شاہین آفریدی نے بھی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ضلعی سطح پر مؤثر نگرانی، ڈیٹا پر مبنی فیصلہ سازی اور صوبائی و ضلعی انتظامیہ کے درمیان بہتر رابطہ کاری کی اہمیت پر زور دیا۔اجلاس کے اختتام پر صوبے بھر میں صحت خدمات کی مزید بہتری، احتساب کے نظام کو مؤثر بنانے، اصلاحاتی عمل کو تیز کرنے اور عوام کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔