کمشنر راولپنڈی ڈویژن و ڈائریکٹر جنرل راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی انجینئر عامر خٹک کی ہدایت پر راولپنڈی رنگ روڈ (آر آر آر) کے اطراف لینڈ یوز پلاننگ کے حوالے سے ایک اہم اجلاس آر ڈی اے کانفرنس روم میں منعقد ہوا۔
راولپنڈی رنگ روڈ کے اطراف لینڈ یوز پلاننگ کے حوالے سے آر ڈی اے میں اہم اجلاس

مزید خبریں
راولپنڈی۔ 10 جون (اے پی پی):کمشنر راولپنڈی ڈویژن و ڈائریکٹر جنرل راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی انجینئر عامر خٹک کی ہدایت پر راولپنڈی رنگ روڈ (آر آر آر) کے اطراف لینڈ یوز پلاننگ کے حوالے سے ایک اہم اجلاس آر ڈی اے کانفرنس روم میں منعقد ہوا۔
اجلاس کی صدارت ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آر ڈی اے مسعود احمد بخاری نے کی۔ اجلاس میں چیف پلانر آر ڈی اے، راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آر سی سی آئی) کے نمائندگان، ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ، چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ راولپنڈی اور دیگر متعلقہ اداروں کے نمائندگان نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران 15 مئی 2026 کو منعقد ہونے والے سابقہ اجلاس کے فیصلوں اور ان پر ہونے والی پیش رفت کے حوالے سے تفصیلی پریزنٹیشن دی گئی۔ فورم نے ہر بلاک میں اراضی کے حصول کے لیے نشاندہی کیے گئے ترجیحی علاقوں کا جائزہ لیا اور مجوزہ منصوبے پر مؤثر عملدرآمد کے لیے متعلقہ محکموں کے کردار اور ذمہ داریوں پر تفصیلی غور کیا۔ راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نمائندگان نے رنگ روڈ کوریڈور کے ساتھ مناسب کمرشل اور صنعتی زونز مختص کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ فورم کو آگاہ کیا گیا کہ مجوزہ لینڈ یوز پلان میں کمرشل اور صنعتی سرگرمیوں کے لیے مناسب علاقوں کو پہلے ہی شامل کیا جا چکا ہے۔ ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ اور چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ راولپنڈی نے لینڈ یوز پلاننگ کے جامع عمل کو سراہتے ہوئے منصوبے کی تیاری میں آر ڈی اے کی کاوشوں کو قابل تحسین قرار دیا۔ اجلاس میں شریک نمائندگان نے منصوبے کے کامیاب نفاذ کے لیے اپنے بھرپور تعاون اور معاونت کی یقین دہانی کرائی۔ ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ نے مزید آگاہ کیا کہ مجوزہ پلان متعلقہ تحصیل کونسلوں کے ساتھ بھی شیئر کیا جائے گا تاکہ ان کی آراء اور سفارشات حاصل کی جا سکیں۔ اجلاس کے اختتام پر شرکاء نے راولپنڈی رنگ روڈ کوریڈور کے ساتھ مربوط منصوبہ بندی، بین الادارہ جاتی تعاون اور پائیدار ترقی کے عزم کا اعادہ کیا، جبکہ چیئر کی جانب سے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا گیا۔








