خیبر پختونخوا کے محکمہ مواصلات و تعمیرات (سی اینڈ ڈبلیو) نے ضلع کرک میں سڑکوں کے تعمیراتی منصوبوں کے ٹینڈرز میں مبینہ بے ضابطگیوں اور شکایات کا سخت نوٹس لیتے ہوئے حقائق جاننے اور ذمہ داروں کے تعین کے لیے اعلیٰ سطحی انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔محکمہ سی اینڈ ڈبلیو کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق وارانہ تا لنک روڈ اور وارانہ تا مسکان روڈ منصوبوں کے ٹینڈر …
کرک میں سڑکوں کے تعمیراتی منصوبوں کے ٹینڈرز میں مبینہ بے ضابطگیوں اور شکایات کا سخت نوٹس ،انکوائری کمیٹی تشکیل

مزید خبریں
پشاور۔ 10 جون (اے پی پی):خیبر پختونخوا کے محکمہ مواصلات و تعمیرات (سی اینڈ ڈبلیو) نے ضلع کرک میں سڑکوں کے تعمیراتی منصوبوں کے ٹینڈرز میں مبینہ بے ضابطگیوں اور شکایات کا سخت نوٹس لیتے ہوئے حقائق جاننے اور ذمہ داروں کے تعین کے لیے اعلیٰ سطحی انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔محکمہ سی اینڈ ڈبلیو کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق وارانہ تا لنک روڈ اور وارانہ تا مسکان روڈ منصوبوں کے ٹینڈر عمل سے متعلق الزامات کی تحقیقات کے لیے فیکٹ فائنڈنگ انکوائری کمیٹی قائم کی گئی ہے۔اس کمیٹی کی سربراہی ڈیزائن انجینئر (روڈز) انجینئر عظمت اللہ کریں گےجبکہ ڈپٹی ڈائریکر (آر ایم یو) پی کے ایچ اے انجینئر مصطفیٰ احمد اور اسسٹنٹ ڈائریکر پی آر آر ایس اے انجینئر مصباح اللہ بطور اراکین شامل ہیں نوٹیفکیشن کے مطابق کمیٹی ٹینڈر دستاویزات، تکنیکی تجاویز، بڈرز کی اہلیت، کال ڈپازٹ رسیدوں (سی ڈی آرز) اور ای پیڈ پر اپ لوڈ کئے گئے ریکارڈ کا تفصیلی جائزہ لے گی۔
اس کے علاوہ مارکنگ معیار، تکنیکی جانچ پڑتال اور مالیاتی بولیوں کی جانچ کی جائے گی تاکہ یہ تعین کیا جا سکے کہ آیا بڈرز کی نااہلی متعلقہ قواعد و ضوابط اور دستاویزی شواہد کے مطابق کی گئی تھی یا نہیں۔ محکمہ سی اینڈ ڈبلیو نے انکوائری کمیٹی کو ہدایت کی ہے کہ وہ تمام متعلقہ ریکارڈ کا جائزہ لے کر 15 روز کے اندر اپنی رپورٹ صوبائی حکومت کو پیش کرے۔اس مقصد کے لیے ایگزیکٹو انجینئر سی اینڈ ڈبلیو ڈویژن کرک کو بھی تحقیقات میں مکمل تعاون اور مطلوبہ ریکارڈ فراہم کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔وزیر مواصلات و تعمیرات شکیل احمد خان نے واضح کیا ہے کہ عوامی منصوبوں میں کسی قسم کی بے ضابطگی یا قواعد کی خلاف ورزی برداشت نہیں کی جائے گی اور تحقیقات کی روشنی میں ذمہ داروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔








