ورلڈ کپ سے قبل انگلینڈ کی شاندار فتح: کوسٹا ریکا کو 0-3 سے ہرا دیا،ہیڈ کوچ تھامس ٹوخل کی پلیئرز کی کارکردگی پر خوشی

انگلینڈ فٹ بال ٹیم کے ہیڈ کوچ تھامس ٹوخل نے فیفا ورلڈ کپ کے اپنے آخری وارم اپ میچ میں کوسٹا ریکا کے خلاف 0-3 گول کی جاندار اور یکطرفہ فتح پر اپنی ٹیم کی کارکردگی کو خوب سراہا ہے

نیویارک۔11جون (اے پی پی):انگلینڈ فٹ بال ٹیم کے ہیڈ کوچ تھامس ٹوخل نے فیفا ورلڈ کپ کے اپنے آخری وارم اپ میچ میں کوسٹا ریکا کے خلاف 0-3 گول کی جاندار اور یکطرفہ فتح پر اپنی ٹیم کی کارکردگی کو خوب سراہا ہے۔شنہوا کے مطابق اگرچہ اورلینڈو میں ہونے والے اس میچ کا آغاز شدید طوفانی بارش اور پچ پر پانی جمع ہونے کے باعث 1 گھنٹہ تاخیر سے ہوا، لیکن انگلینڈ نے گزشتہ ہفتے نیوزی لینڈ کے خلاف مایوس کن کھیل کے برعکس انتہائی جارحانہ اور بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا۔ میچ کے آغاز ہی میں ڈیکلن رائس نے پہلا گول داغا، جس کے بعد انتھونی گورڈن نے پنالٹی پر دوسرا اور اولی واٹکنز نے میچ کے آخری لمحات میں تیسرا گول کر کے ٹیم کی فتح یقینی بنائی۔ اس میچ میں گورڈن اور جوڈ بیلنگہم کی کارکردگی نے سب کو بے حد متاثر کیا۔میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے ہیڈ کوچ تھامس ٹوخل کا کہنا تھا کہ میں نے کھلاڑیوں سے بالکل اسی شدت، عزم اور بہترین تال کے ساتھ کھیلنے کا مطالبہ کیا تھا اور انہوں نے کر دکھایا۔ کھلاڑی اب گرم موسم کے مطابق خود کو ڈھال رہے ہیں اور ان کا تال میل بہتر ہو رہا ہے۔ تھامس ٹوخل نے ماضی میں دیے گئے اپنے اس بیان کا بھی ذکر کیا کہ انگلینڈ نے سال 1966 کے بعد سے کوئی ورلڈ کپ نہیں جیتا، اس لیے انہیں فیورٹ نہیں مانا جا سکتا، تاہم اس میچ کے بعد ان کا لہجہ خاصا مثبت تھا۔ انہوں نے جوڈ بیلنگہم کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ بیلنگہم کو پہلی بار ہیری کین، ایلیٹ اینڈرسن اور ڈیکلن رائس کے ساتھ مڈ فیلڈ کے مرکز میں کھیلتے ہوئے دیکھنا چاہتے تھے اور جوڈ نے اس حکمتِ عملی کو شاندار انداز میں اپنایا۔انگلینڈ کی ٹیم آج مقامی کلب ‘میامی یونائیٹڈ’ کے خلاف ایک بغیر تماشائیوں کے دوستانہ میچ کھیلے گی، جس کے بعد وہ 17 جون کو کروشیا کے خلاف ورلڈ کپ کے اپنے پہلے گروپ میچ میں میدان میں اترے گی۔

مزید خبریں