پنجاب فوڈ اتھارٹی کے 44 ویں بورڈ اجلاس میں خوراک کے معیار اور عوامی صحت کے تحفظ کیلئے اہم ریگولیشنز کی منظوری دیدی گئی

پنجاب فوڈ اتھارٹی کے 44 ویں بورڈ اجلاس میں خوراک کے معیار اور عوامی صحت کے تحفظ کے لیے اہم ریگولیشنز کی منظوری دے دی گئی۔ اجلاس کی صدارت سیکرٹری فوڈ سیفٹی اینڈ کنزیومر پروٹیکشن ڈاکٹر کرن خورشید نے کی جبکہ ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی سید موسیٰ رضا نے بورڈ ممبران کو ادارے کی کارکردگی پر تفصیلی بریفنگ دی۔

لاہور۔11جون (اے پی پی):پنجاب فوڈ اتھارٹی کے 44 ویں بورڈ اجلاس میں خوراک کے معیار اور عوامی صحت کے تحفظ کے لیے اہم ریگولیشنز کی منظوری دے دی گئی۔ اجلاس کی صدارت سیکرٹری فوڈ سیفٹی اینڈ کنزیومر پروٹیکشن ڈاکٹر کرن خورشید نے کی جبکہ ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی سید موسیٰ رضا نے بورڈ ممبران کو ادارے کی کارکردگی پر تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ گزشتہ برسوں کے مقابلے میں کارروائیوں اور مقدمات کے اندراج میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، جس پر بورڈ ممبران نے پنجاب فوڈ اتھارٹی کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے اسی رفتار سے کام جاری رکھنے کی ہدایت کی۔

بورڈ اجلاس میں پنجاب بھر کے کولڈ سٹورز کے لیے نئی ریگولیشنز کی منظوری بھی دی گئی۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی کے مطابق کولڈ چین مینجمنٹ کے تحت گوشت، پولٹری، مچھلی، پھلوں اور سبزیوں کی ذخیرہ کاری کو نئے معیار کے مطابق مانیٹر کیا جائے گا جبکہ کولڈ سٹورز میں بین الاقوامی معیار کے مطابق درجہ حرارت، صفائی اور سٹوریج میعاد کے قوانین پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ قوانین کی خلاف ورزی اور غیر معیاری اشیائے خورونوش کی ذخیرہ کاری پر سخت کارروائی کی جائے گی۔

اس موقع پر ڈاکٹر کرن خورشید نے کہا کہ خالص دودھ کی فراہمی کے لیے تمام سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے نئے ایس او پیز تیار کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ دودھ جیسی بنیادی خوراک میں ملاوٹ ایک سنگین اور ناقابلِ ضمانت جرم ہے لہذا دودھ کی پیداوار سے لے کر سپلائی تک تمام مراحل کو ترقی یافتہ ممالک کے معیار کے مطابق بنایا جائے گا۔

مزید خبریں