صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ نے کہا ہے کہ پاکستان کی معیشت بتدریج استحکام کی جانب گامزن ہے تاہم مختلف اہم شعبوں میں ان کی مکمل استعداد کے مطابق کارکردگی دکھانے کی ضرورت ہے۔
قومی اقتصادی سروے کے اعدادوشمار معیشت کے بتدریج استحکام کی نشاندہی کرتے ہیں، عاطف اکرام شیخ

مزید خبریں
اسلام آباد۔11جون (اے پی پی):صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ نے کہا ہے کہ پاکستان کی معیشت بتدریج استحکام کی جانب گامزن ہے تاہم مختلف اہم شعبوں میں ان کی مکمل استعداد کے مطابق کارکردگی دکھانے کی ضرورت ہے۔
قومی اقتصادی سروے 26-2025 پر ردِعمل کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سروے کے اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ بڑی صنعتوں، تعمیرات، معلومات و مواصلات اور تعلیم کے شعبوں میں مقررہ اہداف سے بہتر یا قریب تر کارکردگی خوش آئند ہے جو درست پالیسی اقدامات کے مثبت نتائج کی عکاسی کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ زراعت ملکی معیشت، روزگار اور برآمدات میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے، حکومت توانائی کی لاگت میں کمی، سستے قرضوں کی فراہمی اور کاروبار دوست اصلاحات کو ترجیح دے تاکہ نجی شعبے کا اعتماد بحال ہو اور سرمایہ کاری میں اضافہ ممکن بنایا جا سکے۔انہوں نے مزید کہا کہ نجی شعبے کی شرح نمو کا مقررہ ہدف سے کم رہنا اس بات کا تقاضا کرتا ہے کہ ٹیکس نظام کو آسان بنایا جائے، کاروبار کی لاگت کم کی جائے اور پالیسیوں میں تسلسل کو یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ایف پی سی سی آئی حکومت کے ساتھ مل کر ایسی تجاویز پیش کرتی رہے گی جو برآمدات، صنعتی پیداوار، روزگار کے مواقع اور پائیدار اقتصادی ترقی کے فروغ میں معاون ثابت ہوں۔








