کشمیر کے عوام ہمارے اپنے ہیں، ان کے مسائل کا حل اور حقوق کا تحفظ اولین ترجیح ہے، معاملے کو سیاسی رنگ دینا افسوسناک ہے، ڈاکٹر طارق فضل

کشمیر کے عوام ہمارے اپنے ہیں، ان کے مسائل کا حل اور حقوق کا تحفظ اولین ترجیح ہے، معاملے کو سیاسی رنگ دینا افسوسناک ہے، ڈاکٹر طارق فضل

اسلام آباد۔11جون (اے پی پی):وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ کشمیر کے عوام ہمارے اپنے ہیں اور ان کے مسائل کا حل اور حقوق کا تحفظ اولین ترجیح ہے، حقائق کو نظر انداز کرتے ہوئے اس معاملے کو سیاسی رنگ دینا اور اسے تحریک انصاف کے سیاسی بیانیے کا حصہ بنانا افسوسناک ہے۔ جمعرات کو ایکس پر وزیراعلیٰ کے پی سہیل آفریدی کو جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حقیقت یہ ہے کہ حکومت نے مسئلے کے حل کے لیے متعدد ادوار کے مذاکرات کیے، حکومت متعلقہ نمائندوں سے مسلسل رابطے میں رہی اور معاملات کو افہام و تفہیم کے ذریعے آگے بڑھانے کی ہرممکن کوشش کی، کئی مطالبات پر پیش رفت بھی ہوئی اور بات چیت کے دروازے آج بھی کھلے ہیں۔

تحریک انصاف کی قیادت کو یاد رکھنا چاہیے کہ جب وہ اقتدار میں تھی تو سیاسی مخالفین، صحافیوں اور احتجاج کرنے والوں کے ساتھ اس کا رویہ پوری قوم نے دیکھا، آج وہی جماعت ہر معاملے پر سیاسی فائدہ حاصل کرنے کے لیے حقائق کو مسخ کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کی ذمہ داری قانون کی عملداری کو یقینی بنانا اور عوام کے جان و مال کا تحفظ کرنا ہے جبکہ سیاسی جماعتوں کی ذمہ داری معاملات کو بھڑکانے کے بجائے حل کی طرف لے جانا ہے، افسوس کہ پی ٹی آئی ایک بار پھر ایک حساس معاملے پر سیاست چمکانے کی کوشش کر رہی ہے۔ حکومت کا موقف آج بھی واضح ہے، مسائل کا حل مذاکرات، آئین، قانون اور جمہوری عمل کے ذریعے ہی ممکن ہے، پہلے بھی مذاکرات کا راستہ اختیار کیا گیا ہے اور آئندہ بھی کیا جائے گا۔

 

مزید خبریں