ریاست ماں کی طرح ہوتی ہے اور ماں اپنے بچوں کو کبھی تنہا نہیں چھوڑتی، کمشنر ہزارہ

ریاست ماں کی طرح ہوتی ہے اور ماں اپنے بچوں کو کبھی تنہا نہیں چھوڑتی، کمشنر ہزارہ

ایبٹ آباد۔ 11 جون (اے پی پی):کمشنر ہزارہ فیاض علی شاہ نے کہا ہے کہ ریاست ماں کی طرح ہوتی ہے اور ماں اپنے بچوں کو کبھی تنہا نہیں چھوڑتی۔ یتیم اور مستحق بچیوں کی مالی معاونت اولین ترجیحات میں شامل ہے اور صوبائی حکومت معاشرے کے کمزور اور محروم طبقات کی فلاح و بہبود کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلعی زکوٰۃ دفتر ایبٹ آباد کے زیر اہتمام منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، جہاں 15 یتیم اور مستحق بچیوں میں جہیز فنڈز کے تحت 2 لاکھ روپے فی کس کے چیکس تقسیم کیے گئے۔کمشنر ہزارہ نے کہا کہ حکومت کی ذمہ داری صرف ترقیاتی منصوبوں تک محدود نہیں بلکہ ایسے خاندانوں کی معاونت بھی ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے جو معاشی مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مستحق خاندانوں کی مدد اور یتیم بچیوں کی سرپرستی ایک مہذب اور فلاحی معاشرے کی پہچان ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت خیبر پختونخوا اس امر کو یقینی بنا رہی ہے کہ زکوٰۃ اور فلاحی فنڈز حقیقی مستحقین تک شفاف اور بروقت انداز میں پہنچیں تاکہ ضرورت مند افراد کی مشکلات میں کمی لائی جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ معاشرے کے صاحبِ حیثیت افراد کو بھی چاہیے کہ وہ مستحق خاندانوں کی معاونت میں اپنا کردار ادا کریں تاکہ اجتماعی طور پر ایک مضبوط اور ہمدرد معاشرہ تشکیل دیا جا سکے۔کمشنر ہزارہ نے مستحق بچیوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے نئے گھروں کو اپنا گھر سمجھیں، محبت، برداشت، احترام اور ایثار کے جذبہ کو فروغ دیں اور اپنے گھروں کو خوشیوں، سکون اور خوشحالی کا گہوارہ بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ خواتین خاندان اور معاشرے کی تعمیر و ترقی میں بنیادی کردار ادا کرتی ہیں اور ایک خوشحال خاندان ہی ایک مضبوط معاشرے کی بنیاد بنتا ہے۔تقریب کے دوران کمشنر ہزارہ فیاض علی شاہ نے 15 یتیم اور مستحق بچیوں میں 2 لاکھ روپے فی کس کے چیکس تقسیم کیے اور ان کے روشن مستقبل، خوشحال ازدواجی زندگی اور کامیابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ تقریب میں زکوٰۃ حکام، زکوٰۃ کمیٹیوں کے نمائندگان، مستحق خاندانوں اور دیگر معززین نے شرکت کی۔

مزید خبریں