پی سی بی کا راولپنڈی میں غیر منظور شدہ ٹی 20 کرکٹ ٹورنامنٹ کا سخت نوٹس ، کھلاڑیوں اور آفیشل کو ٹورنامنٹ سے دور رہنے کی ہدایت
پی سی بی کا راولپنڈی میں غیر منظور شدہ ٹی 20 کرکٹ ٹورنامنٹ کا سخت نوٹس ، کھلاڑیوں اور آفیشل کو ٹورنامنٹ سے دور رہنے کی ہدایت

مزید خبریں
راولپنڈی۔11جون (اے پی پی):پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے راولپنڈی میں مجوزہ غیر منظور شدہ ٹی 20 کرکٹ ٹورنامنٹ کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ملک بھر کے کھلاڑیوں، کوچز، آفیشلز اور کرکٹ سے وابستہ دیگر افراد کو اس ایونٹ سے دور رہنے کی ہدایت کر دی ہے جبکہ خبردار کیا ہے کہ پی سی بی کی پیشگی اجازت اور این او سی کے بغیر منعقد ہونے والے ٹورنامنٹ میں شرکت یا کسی بھی نوعیت کی وابستگی قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی تصور ہو گی جس پر متعلقہ افراد کے خلاف کارروائی کی جا سکتی ہے۔ پی سی بی کی طرف سے جاری اعلامیے کے مطابق راولپنڈی میں ایک غیر منظور شدہ ٹی 20 ٹورنامنٹ کے انعقاد اور آئندہ دنوں میں پلیئرز ڈرافٹ کرانے کی اطلاعات موصول ہوئی تھیں جس پر بورڈ نے فوری نوٹس لیا۔
پی سی بی نے واضح کیا کہ مذکورہ ایونٹ کے منتظمین نے بورڈ سے این او سی حاصل نہیں کیا حالانکہ نجی سطح پر منعقد کیے جانے والے تمام کرکٹ ٹورنامنٹس کے لیے پی سی بی کی پیشگی منظوری لازمی ہے۔ بورڈ نے مرکزی اور ڈومیسٹک کنٹریکٹ یافتہ کھلاڑیوں، رجسٹرڈ کرکٹ کلبوں، محکمانہ ٹیموں، ضلعی اور علاقائی کرکٹ ایسوسی ایشنز سے وابستہ کھلاڑیوں، کوچنگ اسٹاف اور آفیشلز کو ہدایت کی ہے کہ وہ اس غیر منظور شدہ ایونٹ میں شرکت، میچ آفیشیٹنگ، انتظامی امور، تشہیر یا کسی بھی قسم کی خدمات انجام دینے سے گریز کریں۔ پی سی بی نے مزید کہا کہ اس ٹورنامنٹ میں کسی بھی قسم کی شمولیت کو بورڈ کے قوانین کی خلاف ورزی سمجھا جائے گا اور ضرورت پڑنے پر شریک کھلاڑیوں اور آفیشلز کے خلاف مناسب تادیبی کارروائی عمل میں لائی جا سکتی ہے۔
ساتھ ہی بورڈ نے اس ایونٹ سے وابستہ کمرشل اور براڈکاسٹ اداروں کو بھی اپنی وابستگی پر ازسرنو غور کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ دریں اثنا ڈسٹرکٹ کرکٹ ایسوسی ایشن (ڈی سی اے) راولپنڈی نے بھی پی سی بی کی ہدایات تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز تک پہنچاتے ہوئے واضح کیا ہے کہ پی سی بی سے رجسٹرڈ کلبوں، کھلاڑیوں، کوچز، امپائرز، اسکوررز اور دیگر آفیشلز کو بورڈ کی اجازت کے بغیر کسی غیر منظور شدہ ٹورنامنٹ میں شرکت کی اجازت نہیں۔
ڈسٹرکٹ کرکٹ ایسوسی ایشن راولپنڈی کے سیکرٹری ذوالفقار علی نے بتایا کہ پی سی بی کی ہدایات کے مطابق اگر کوئی رجسٹرڈ کھلاڑی، کلب یا آفیشل ایسے کسی غیر مجاز ایونٹ میں شریک پایا گیا تو اس کے خلاف پی سی بی اور ڈی سی اے راولپنڈی کے قواعد و ضوابط کے تحت قانونی اور تادیبی کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ کرکٹ کے شفاف، منظم اور ضابطہ کار نظام کے فروغ کے لیے تمام متعلقہ افراد صرف پی سی بی سے منظور شدہ اور این او سی یافتہ ٹورنامنٹس میں ہی شرکت کو یقینی بنائیں۔








