پنجاب ٹریفک پولیس نے صوبے بھر میں ٹریفک کی روانی بہتر بنانے اور شہریوں کو درپیش مشکلات کے خاتمے کے لیے اہم اقدامات کا آغاز کر دیا ۔
صوبے میں ٹریفک کی روانی بہتر بنانے ، شہریوں کو درپیش مشکلات کے خاتمے کےلئے اقدامات کا آغاز کر دیا ، پنجاب پولیس

مزید خبریں
لاہور۔11جون (اے پی پی):پنجاب ٹریفک پولیس نے صوبے بھر میں ٹریفک کی روانی بہتر بنانے اور شہریوں کو درپیش مشکلات کے خاتمے کے لیے اہم اقدامات کا آغاز کر دیا ۔
ڈی آئی جی ٹریفک محمد وقاص نذیر کی ہدایت پر ایس ایس پی ٹریفک پنجاب سید ندیم عباس نے تمام سی ٹی اوز اور ڈی پی اوز کو مراسلہ جاری کر دیا۔مراسلے کے مطابق تمام اضلاع میں سڑکوں پر ٹریفک کی روانی میں حائل رکاوٹوں کی نشاندہی کرتے ہوئے جامع رپورٹ سات روز کے اندر ہیڈکوارٹر بھجوانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ٹریفک پولیس کو سڑکوں پر نصب ایسے کوڑا دانوں کی نشاندہی کرنے کا کہا گیا ہے جو ٹریفک کے بہائو میں رکاوٹ بنتے ہیں، ستھرا پنجاب اور لوکل گورنمنٹ کے تعاون سے انہیں مناسب مقامات پر منتقل کیا جائے گا۔مراسلے میں ون وے کی خلاف ورزیوں کی روک تھام کے لیے موثر اقدامات کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔ یوٹرن، روڈ سلپس اور دیگر حساس مقامات کی نشاندہی کرکے سیف سٹی کے اشتراک سے نگرانی کے کیمرے نصب کروائے جائیں گے تاکہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر قابو پایا جا سکے۔ڈی آئی جی ٹریفک نے انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے موثر انفورسمنٹ یقینی بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ رش کے اوقات میں سڑکوں کی صفائی اور واٹر ٹینکرز کی سرگرمیاں بھی ٹریفک کی روانی متاثر کرتی ہیں۔ اس حوالے سے پی ایچ اے، میونسپل کارپوریشنز اور دیگر متعلقہ اداروں کے تعاون سے اوقاتِ کار میں مناسب تبدیلی لانے کی سفارش کی گئی ہے۔تمام سی ٹی اوز اور ڈی پی اوز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ٹریفک کی روانی میں حائل رکاوٹوں، ون وے خلاف ورزیوں اور دیگر مسائل سے متعلق جامع رپورٹ مرتب کرکے مقررہ مدت میں پنجاب ٹریفک پولیس ہیڈکوارٹر ارسال کریں۔








