مالی سال 26-2025 میں مینوفیکچرنگ کے شعبہ کی شرح نمو 6.6 فیصد رہی
مالی سال 26-2025 میں مینوفیکچرنگ کے شعبہ کی شرح نمو 6.6 فیصد رہی

مزید خبریں
اسلام آباد۔11جون (اے پی پی):اقتصادی جائزہ رپورٹ برائے مالی سال 26-2025 کے مطابق مینوفیکچرنگ کے شعبہ کی شرح نمو 6.6 فیصد رہی۔ رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال میں جولائی تا مار چ کے دوران کوانٹم انڈیکس آف مینوفیکچرنگ (کیو آئی ایم) کی شرح نمو گذشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے مقابلہ میں 6.5 فیصد زیادہ رہی ہے۔
کیو آئی ایم ڈیٹا کے مطابق جاری مالی سال کیلئے بڑے صنعتی اداروں کے شعبہ کی شرح ترقی کا ہدف 6.1 فیصد مقرر کیا گیا تھا تاہم بہتر میکرو اکنامک صورتحال ، پاکستانی کرنسی کی مستحکم شرح تبادلہ، افراط زر پر قابو اور مالیاتی پالیسی کی آسانیوں کے باعث بڑے صنعتی اداروں کے شعبہ کی شرح نمو ہدف سے زیادہ رہی۔ اقتصادی سروے رپورٹ کے مطابق 22 میں سے 16 مینوفیکچرنگ سیکٹرز کی شرح ترقی میں اضافہ ہوا ہے جن میں فوڈ، ٹیکسٹائل، ملبوسات، کوک اینڈ پٹرولیم پروڈکٹس ، آٹوموبائلز، بیوریج اور بجلی کے آلات بنانے والی صنعتیں شامل ہیں۔ رپورٹ کے مطابق مارچ 2026 کے دوران سالانہ بنیاد پر کیو آئی ایم میں 11.1 فیصد اضافہ ہوا ہے جبکہ مارچ 2025 میں کیو آئی ایم کی شرح نمو منفی 2.4 فیصد رہی تھی۔








